رسائی کے لنکس

'آپ نے گھبرانا نہیں ہے'؛ سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ 'ہیک'


Saad Alvi
Saad Alvi

سربیا میں پاکستان کے سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق حکام نے کر دی ہے۔ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جب کہ صارفین اس پر ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

جمعے کو 'پاکستان ایمبیسی سربیا' کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کے عملے کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔

پوسٹ کے مطابق "مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔ عمران خان آپ کب تک توقع کرتے ہیں کہ ہم سرکاری ملازمین خاموش رہیں گے اور آپ کے لیے کام کرتے رہیں گے؟"

پاکستان کے سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہمیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئی اور بچوں کی فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کو اسکول سے نکال دیا گیا ہے۔"

اس کے بعد ایک اور ٹوئٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ "مجھے معاف کردیں، میرے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں بچا۔"

یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ٹوئٹ کس نے کی ہے اور اگر اکاؤنٹ ہیک ہوا ہے تو کس نے کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ٹوئٹ کے سامنے آنے کے بعد تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹوئٹر پر دیکھتے ہی دیکھتے یہ پوسٹ خوب وائرل ہو گئی اور پاکستان کے ٹرینڈ پینل پر 'سربیا' کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔

وزاتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اکاؤنٹس پر پوسٹ کیے جانے والے پیغامات سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے نہیں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد نے بھی اس معاملے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفترِ خارجہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سربیا میں پاکستان کے سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفترِ خارجہ پاکستان اس معاملے پر تحقیقات کر رہی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون اظہر مشوانی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔

صحافی گُل بخاری نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ یہ کیا ہے؟

صحافی طلعت حسین نے ٹوئٹ کیا کہ "سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا آفیشل اکاؤنٹ یہ کہہ رہا ہے۔"

اداکارہ سحر شنواری کا کہنا ہے کہ تو کیا آپ نے یہی تربیت دی ہے کہ ملک کا ٹیکس دینے والوں کا پیسہ لے کر ملک کی ہی تشخص کو سیاسی طور پر کس طرح خراب کرنا ہے؟

'گھبرانا نہیں ہے' گانے کے پیچھے کون؟

پاکستانی سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے نے اپنی پوسٹ میں وزیراعظم عمران خان کے مشہور جملے 'آپ نے گھبرانا نہیں ہے' پر مبنی گانے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

یہ گانا ایک پاکستانی شہری سعد علوی کی جانب سے آٹھ مارچ 2021 کو یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا جو خوب وائرل ہوا تھا۔

اس گانے کو سعد علوی نے لکھنے کے ساتھ ساتھ اس کا میوزک بھی خود ہی ترتیب دیا تھا۔

'آپ نے گھبرانا' نہیں ہے میں پاکستان کی موجودہ حکومت پر مزاحیہ انداز میں تنقید کی گئی ہے۔

سعد کے اس مزاحیہ گانے کو یو ٹیوب پر اب تک آٹھ لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG