رسائی کے لنکس

2013: کھیل کے میدانوں میں بہت اتار چڑھاؤ نظر آئے


پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز دو، ایک سے جیت کر سال کا اچھا آغاز کیا۔ لیکن اس کے بعد جنوبی افریقہ میں اسے میزبان ٹیم کے ہاتھوں تین، دو سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سال 2013 پاکستان میں کھیلوں کے شائقین کے لیے کچھ ملا جلا رہا جس میں ایک طرف کرکٹ ٹیم کی کارکردگی گزشتہ برس کی نسبت خاصی بہتر رہی وہیں تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی ٹیم عالمی کپ تک رسائی میں ناکام رہی۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز دو، ایک سے جیت کر سال کا اچھا آغاز کیا۔ لیکن اس کے بعد جنوبی افریقہ میں اسے میزبان ٹیم کے ہاتھوں تین، دو سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پھر ویسٹ انڈیز کے دورے میں اس نے قابل ذکر کارکردگی دکھائی اور سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ فتح کی اس ڈگر پر چلتے ہوئے اس نے زمبابوے کو بھی اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دی۔


پاکستان نے جنوبی افریقہ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی لیکن یہاں مہمان ٹیم نے میزبان کی لاج نہ رکھتے ہوئے ایک روزہ میچوں کی سیریز میں اسے چار، ایک سے شکست دی۔

لیکن پاکستان نے اس شکست کا بدلہ جنوبی افریقہ جا کر چکایا اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز دو، ایک سے اپنے نام کی۔

سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں وہ سری لنکا کے خلاف سیریز تین، دو سے جیت چکا تھا۔

رواں برس پاکستانی کپتان مصباح الحق اس برس کرکٹ کیلنڈر سال میں ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے جنہوں نے 1373 رنز اسکور کیے۔ اسی طرح سعید اجمل ایک کیلنڈر ایئر میں اب تک 60 وکٹوں کے ساتھ باؤلروں میں سرفہرست ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کے کپتان محمد حفیظ نے اس برس اپنے دو ہم وطن بلے بازوں ظہیر عباس اور محمد یوسف کے ریکارڈز بھی برابر کیے۔

ظہیر عباس نے بھارت کے خلاف ایک سیریز میں تین سینچریاں اسکور کی تھیں اور محمد حفیظ نے یہ کارنامہ سری لنکا کے خلاف تین سینچریاں بنا کر کیا۔ ایک کیلنڈر ایئر میں پانچ سینچریاں بنانے کے محمد یوسف کے ریکارڈ کو بھی محمد حفیظ برابر کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان ٹیم کے شاہد آفریدی نے اس برس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک ہزار رنز اور 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

سچن کی ریٹائرڈمنٹ

دنیائے کرکٹ میں اس سال سب سے بڑی خبر مایہ ناز بلے باز بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی کھیل سے ریٹائرمنٹ کی تھی۔

نومبر میں سچن ٹنڈولکر نے اپنے چوبیس سالہ کیریئر کا اختتام اپنے دو سویں ٹیسٹ میچ پر کیا۔


ٹنڈولکر دو سو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے دنیائے کرکٹ کے پہلے کھلاڑی ہونے کے علاوہ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ انفرادی رنز (15921 )، ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ انفرادی رنز (18426) بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ سینچریوں کی سینچری بنانے والے بھی وہ دنیا کے پہلے باز ہیں۔

کرکٹ کے دیگر ریٹائر ہونے والے کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے گریم سوان، اور سری لنکا کے سمارا ویرا شامل ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے جیک کیلس بھارت کے ساتھ جاری ٹیسٹ میچ کے بعد کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

2013ء پاکستان میں ہاکی کے لیے اچھا ثابت نا ہوا

ہاکی یوں تو پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس میں ایک زمانے تک ہاکی کے میدانوں میں پاکستان کا طوطی بولتا تھا لیکن رفتہ رفتہ اس شعبے میں پاکستان اپنے تابناک ماضی سے مایوس کن حال کی طرف بڑھتا آیا ہے۔


اس سال پاکستان کی ہاکی ٹیم نے ایشیئن ہاکی چیمپیئن شپ کا اعزاز تو دوسری بار حاصل کر لیا لیکن تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب آئندہ برس ہالینڈ میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ میں پاکستان کی ٹیم شامل نہیں ہوگی۔

اس وجہ یہ ہے کہ عالمی کپ تک رسائی کے لیے اسے ایشیا کپ جیتنا لازمی تھا جس میں یہ کامیاب نہ ہوسکا۔

اسنوکر

اسنوکر کے شعبے میں بھی یہ سال پاکستان کے لیے حوصلہ افزا رہا جس میں محمد آصف اور محمد سجاد نے آئرلینڈ میں کھیلی جانے والی ورلڈ ٹیم امیچیور اسنوکر چیمپیئن شپ میں ایران کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ محمد آصف اس کے علاوہ بھی کئی بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی سمیٹنے میں کامیاب رہے۔

ٹینس میں گوکہ پاکستان ابھی تک کسی بڑے مقابلے میں کامیابی حاصل نہیں کرسکا لیکن اس کھیل کے شائقین کے لیے یہاں بتاتے چلیں کہ رواں سال ہونے والے چار بڑے گرینڈ سلیم کا احوال کچھ یوں رہا۔

آسٹریلین اوپن نوواک جوکووچ اور وکٹوریا ازارینکا، فرنچ اوپن رافیل ندال اور سرینا ولیمز، ومبلڈن اینڈی مرے اور ماریون بارٹولی اور سال کے آخری گرینڈ سلیم یوایس اوپن میں رافیل نڈال اور سرینا ولیمز فاتح رہے۔
XS
SM
MD
LG