علی رانا
پاکستان میں الیکشن کمشن نے 5 نو منتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے ہیں۔ اس سے قبل چار سینیٹرز کے نوٹیفکیشن روکنے کا حکم جاری کیا گیا تھا لیکن اب ایک اور سینیٹر کا نوٹیفکیشن بھی روک دیا گیا ہے۔
الیکشن کمشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں کامیاب ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ کامیاب نومنتخب سینیٹرزکا نوٹیفکیشن اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے پر کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 8، سندھ سے 12، خیبر پختونخوا سے 11، بلوچستان سے 10، اسلام آباد سے 2 اور فاٹا کے 4 نو منتخب سینیٹرز کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
الیکشن کمشن نے پانچ نو منتخب سینیٹرز کا نوٹیفکیشن دوہری شہریت کے باعث روکا جن میں پنجاب سے نزہت صادق، ہارون اختر، چوہدری سرور، سعدیہ عباسی اور بلوچستان سے نو منتخب آزاد سینیٹر خدا بابر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا گیا۔
بلوچستان سے منتخب ہونے والے سینیٹر خدا بابر کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی شہریت کے لیے کوئی درخواست نہیں د۔ وہ گوادر کے رہنے والے ہیں اور انہیں بچپن سے اومان کی اعزازی شہریت ملی ہوئی ہے، لیکن میں وہ شہریت بھی چھوڑ چکا ہوں جس کی تصدیق اومان کے سفارت خانے سے کی جا سکتی ہے۔خدا بابر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس صرف پاکستان کی شہریت ہے۔
ارکان سینیٹ کے 5 ووٹ کم ہونے سے سیاسی جماعتوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ(ن) متاثر ہوگی جن کے تین ارکان کے نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو رہے۔