رسائی کے لنکس

کراچی میں مسافر ریل گاڑیوں میں تصادم، 21 ہلاک


تصادم سے ریل گاڑی کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں اور اطلاعات کے مطابق امدادی کارکنوں کو زخمیوں کو ان سے نکالنے میں دشواری کا سامنا رہا۔

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے شہر کراچی میں دو مسافر ریل گاڑیوں میں تصادم سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈی سی او ریلوے ناصر نذیر کے مطابق حادثہ لانڈھی کے قریب قذافی ٹاؤن میں جمعرات کو گوٹھ اسٹیشن پر اس وقت پیش آیا جب اسٹیشن پر کھڑی فرید ایکسپریس کو ملتان سے آنے والی ذکریا ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری دی۔

حادثے کے باعث ذکریا ایکسپریس کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ مقامی لوگوں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔

تاحال حادثے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی لیکن بظاہر یہ ریلوے اسگنل میں کوتاہی کے باعث رونما ہوا۔ امدادی کارکنوں کو زخمیوں کو ان سے نکالنے میں دشواری کا سامنا رہا کیوں کہ بوگیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔

حادثے کے باعث اس ریلوے لائن پر ٹریفک معطل ہے۔

پاکستان میں ریل گاڑی کے حادثات کوئی غیر معمولی واقعات نہیں ہیں اور اکثر ان کی وجہ لائنوں اور اسگنل نظام میں خرابی اور عملے کی غفلت بتائی جاتی ہے۔

ستمبر میں ملتان کے قریب ایک مسافر ٹرین اور مال بردار گاڑی میں تصادم سے چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG