رسائی کے لنکس

دنیا میں طلبہ کے لیے بہترین شہر، پیرس


دنیا میں طلبہ کے لیے بہترین شہر، پیرس
دنیا میں طلبہ کے لیے بہترین شہر، پیرس

اگر آپ اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہتے ہیں تو ہمارا مشورہ ہے کہ آپ فرانس کے دارالحکومت پیرس جائیے جسے طالبِ علموں کے لیے دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

برطانیہ کے ایک تحقیقی ادارے کی جانب سے 'بیسٹ اسٹوڈنٹ سٹیز' کے نام سے مرتب کردہ فہرست میں پیرس پہلے نمبر پر آیا ہے۔

فہرست طلبہ کے نکتہ نظر سے دنیا بھر کے اہم شہروں کے معیارِ زندگی، فیسوں اور رہائش کے اخراجات کے قابلِ برداشت ہونے ، تعلیمی اداروں کی تعداد اور ان کے معیار اور فارغ التحصیل غیر ملکی طلبہ کے لیے ملازمتوں کے مواقع کی موجودگی کی بنیادوں پر مرتب کی گئی ہے۔

فہرست میں برطانیہ کا دارالحکومت لندن دوسرے اور امریکی ریاست میساچوسٹس کا شہر بوسٹن تیسرے نمبر پر ہے۔

تحقیقی ادارے 'کیو ایس' کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق پیرس کا اصل طرہ امتیاز اعلیٰ تعلیمی اداروں میں انتہائی کم فیس ہونا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیرس میں طالبِ علم کی اوسط فیس صرف 1700 یورو سالانہ ہے اور انڈر گریجویٹ میں تعلیم پانے والے فرانسیسی طلبہ کو صرف 500 یورو سالانہ تک فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔

ادارے کے مطابق اپنی فیس ادا کرنے کی استطاعت نہ رکھنے والے طلبہ سے فرانسیسی تعلیمی اداروں میں ایک دھیلا بھی وصول نہیں کیا جاتا۔

اس کے برعکس لندن میں زیرِ تعلیم طالبِ علم کا سالانہ خرچ 15 ہزار 800 یورو جب کہ بوسٹن میں تعلیم پر اٹھنےوالا اوسط سالانہ خرچ 30 ہزار یورو ہے۔

ادارے کی جانب سے تعلیمی اداروں کے معیار کے بارے میں مرتب کی جانے والی سالانہ رپورٹ میں اس برس بھی برطانیہ کی 'کیمبرج یونی ورسٹی' اور امریکہ کی 'ہارورڈ یونی ورسٹی' کو دنیا کی بہترین جامعات قرار دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG