فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی نے کہا ہے کہ اگر یورپ میں غیر قانونی اِمی گریشن کامعاملہ کنٹرول میں نہیں آتا، تو فرانس یورپی یونین کے شینجن خطے میں ویزا کے بغیر آنے جانے کی سہولت سےمتعلق معاہدے کی اپنی رکنیت معطل کردے گا۔
صدر نے یہ بھی تجویز کیا کہ ’بائی امریکن ایکٹ‘ کی طرز پر فرانس ایک قانون پر عمل درآمد کرے گا، جس کی رو سے یورپی یونین کے ممالک میں بنی ہوئی اشیا خریدنا لازم ہوگا۔
مسٹر سرکوزی نے یہ عہد اور قانون سازی کے بارے میں عندیا اتوار کے دِن شمالی پیرس میں صدارتی انتخابی مہم کے سلسلے میں ہونے والی ایک ریلی کے دوران دیا۔
حالیہ عوامی جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ قدامت پسند لیڈرمقبولیت میں فرانکو ہالینڈ کی سوشلسٹ پارٹی سے پیچھے ہیں، جس کی ووٹنگ اپریل کے اواخر اور مئی کے آغاز پر ہوگی۔
یورپی اتحاد کے شینجن معاہدے کے تحت 13رکن ممالک نے اپنی سرحدیں ایک دوسرے کے لیے کھول دیں تھیں، جس کے لیے پاسپورٹ، ویزا یا دیگر دستاویزات کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔