رسائی کے لنکس

پاکستان کے قومی کرکٹرز کے لیے نئے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان


پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بورڈ سنہ دو ہزار اٹھارہ اور سنہ دو ہزار انیس کے لیے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید، قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضام الحق اور ڈائریکٹر اکیڈیمیز مدثر نذر کی مشاورت سے کیا جس کی منظوری پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے دے دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق تینتیس کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی فیس میں پچیس سے تیس فیصد تک اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں پانچ مختلف کیٹگریز اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے لیے نئی ای کیٹگری متعارف کرئی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ اے اور بی کیٹیگری میں چھ، چھ کھلاڑی شامل ہیں جبکہ سی کیٹیگری میں نو، ڈی میں پانچ اور ای کیٹیگری میں سات کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اے کیٹیگری میں کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، اظہر علی، محمد عامر ، یاسر شاہ اور بابر اعظم شامل ہیں۔ بی کیٹیگری میں فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان اور محمد حفیظ کو رکھا گیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں عماد وسیم، محمد عباس، وہاب ریاض، جنید خان، حارث سہیل، امام الحق، محمد نواز، عثمان خان شنواری اور شان مسعود شامل ہیں جبکہ ڈی کیٹیگری میں رومان رئیس، آصف علی، راحت علی، عثمان صلاح الدین اور حسین طلعت کو شامل ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے نئی متعارف کرائی جانے والی ای کیٹیگری میں بلال آصف، سعد علی، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عمید آصف اور میرحمزہ شامل ہیں۔

پی سی بی کے نئے جاری کردہ سینٹرل کنٹریکٹ میں آل راونڈر محمد حفیظ اپنی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے۔ محمد حفیظ کو ایک درجہ تنرلی سے اے کیٹیگری سے بی کیٹیگری میں شامل کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو آٹھ لاکھ روپے فی کس ماہانہ، بی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے ماہانہ، سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو فی کس ساڑھے تین لاکھ روپے ماہانہ، ڈی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو فی کس دو لاکھ روپے ماہانہ اور ای کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو فی کس ماہانہ ایک لاکھ روپے تنخواہ ملے گی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کے ماہانہ مشاہرے کو تین سال کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG