رسائی کے لنکس

پی سی بی نے زمبابوے سیریز کا نیا شیڈول جاری کر دیا


پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے ساتھ محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

اتوار کو بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ابتداً ملتان میں شیڈول ایک روزہ میچز کی سیریز آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر اب راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گی۔

ایک روزہ میچز 30 اکتوبر، یکم اور تین نومبر کو کھیلے جائیں گے جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز سات، آٹھ اور 10 نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا اور ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے موزوں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نومبر میں لاہور شہر میں متوقع اسموگ کی صورتِ حال سے متعلق محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائے گا۔

ذاکر خان نے کہا کہ راولپنڈی کی دستیابی سے واضح ہوتا ہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے میچوں کے انعقاد سے متعلق کوئی غیر یقینی نہیں اور پاکستان کوشش کرے گا وہ لیگ کا فاتحانہ آغاز کر کے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر سکے۔

اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم نے آخری بار 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ اس دورے کے بعد سری لنکا، بنگلہ دیش اور ایم سی سی کرکٹ ٹیموں نے بھی پاکستان میں مختلف طرز کی کرکٹ کے میچز کھیلے۔

اس کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے اب تک کھیلے گئے تمام میچز کی میزبانی بھی پاکستان میں ہی کی۔ ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز اب 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں شیڈول ہیں۔

XS
SM
MD
LG