رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 8 کے شیڈول کا اعلان، فائنل 19 مارچ کو لاہور میں ہو گا


 فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل آٹھ کے میچز 13 فروری سے 19 مارچ کے درمیان ملک کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

پہلے مرحلے کے میچز 13 فروری سے 24 فروری کے درمیان ملتان اور کراچی میں ہوں گے۔ میچز کا دوسرا مرحلہ 26 فروری سے 19 مارچ تک راولپنڈی اور لاہور ہوگا۔

ایونٹ کا فائنل 19 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا اور اس سے قبل پلے آف مرحلے کے میچز بھی لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔34 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

جمعے کو چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے میگا ایونٹ کے شیڈیول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 13 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گی اور اسی روزپی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز آمنے سامنے ہوں گے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل، بھارتی کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد دنیا کی دوسری بڑی لیگ بن چکی ہے۔

انہوں ںے بتایا کہ پی ایس ایل آٹھ کے دوران ٹرائل کے طور پر خواتین کے تین خصوصی میچز بھی کرائے جائیں گے جس میں بین الاقوامی کرکٹرز بھی حصہ لیں گی جب کہ ستمبر میں خواتین کی سپر لیگ بھی ہو گی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اسٹیڈیمز کی حالت اچھی نہیں ہے اس لیے وہاں ایک نمائشی میچ کرایا جائے گا۔ تاہم اسٹیڈیم کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تزئین و آرائش کے بعد وہاں بھی پی ایس ایل میچ کرانے کا منصوبہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن سات میں لاہور قلندرز نے ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اس سے پہلے ملتان سلطانز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی اییٹرز بھی ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG