رسائی کے لنکس

حسن علی سال کے بہترین بالر اور بابر اعظم بہترین بیٹسمین قرار


تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا، جبکہ مختلف کھلاڑیوں کے زیر استعمال رہنے والے بیٹس، گلوز، ٹاس کے سکوں اور دیگر سامان کو یادگاری اشیاء کے طور پر نیلام کیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے بالر حسن علی کو ایک روزہ کرکٹ میں سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے، جبکہ بابر اعظم ٹی20 فارمیٹ کے بہترین بیٹسمین قرار دے پائے ہیں۔

ایوارڈز کی تقریب کراچی میں بدھ کی شام منعقد ہوئی جس میں کرکٹ سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے علاوہ دیگر شعبوں سے وابستہ افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ان میں چیئرمین نجم سیٹھی، سرفراز احمد، شاہد خان آفریدی اور دیگر شامل ہیں۔

تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا، جبکہ مختلف کھلاڑیوں کے زیر استعمال رہنے والے بیٹس، گلوز، ٹاس کے سکوں اور دیگر سامان کو یادگاری اشیاء کے طور پر نیلام کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے دیا جانے والا ’امتیاز احمد اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ‘ سرفراز احمد کو دیا، جس کے ساتھ ہی انہیں دس 10 روپے بھی بطور انعام دیئے۔

ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز بنانے پر فخر زمان کو اسپیشل ایوارڈ کے ساتھ 25 لاکھ روپے دیئے گئے، جبکہ ’ٹیسٹ پلیئرز آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ محمد عباس کے نام رہا، جنہوں نے 27 وکٹس لے کر خود کو اس کا اہل قرار دلایا۔

نیلامی میں سرفراز احمد کے وکٹ کیپنگ گلوز فخر زمان نے 6 لاکھ روپے میں خریدے، جبکہ شعیب ملک کا بلا 1 لاکھ 60 ہزار روپے میں نیلام ہوا۔

پی ایس ایل تھری فائنل میں ٹاس کے لیے استعمال ہونے والے سکے کی65 ہزار روپے میں جبکہ پہلے ایلیمنٹر میں بطور ٹاس استعمال ہونے والے سکے کو55 ہزار روپے میں نیلام کیا گیا۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی۔

تقریب میں پی سی بی بیسٹ ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ آل رائونڈر فہیم اشرف کو دیا گیا، جنہوں نے ایوارڈ جیتنے کے بعد فرط جذبات سے اسٹیج پر پش اپس بھی لگائے۔

بیسٹ ڈومیسٹک بیٹسمین کا ایوارڈ شان مسعود، بولر اعزاز چیمہ اور وکٹ کیپر کامران اکمل کو دیا گیا۔

پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایوارڈ میں نہال عالم اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم میں عامر اشفاق کو پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔

اسی طرح پی سی بی بیسٹ ایمرجنگ ویمن اور بہترین بولر کا ایوارڈ ڈائنا بیگ، خواتین کی بہترین ون ڈے پلیئر کا ایوارڈ ثناء میر، ٹی ٹوئنٹی کا جویریہ خان کو دیا گیا۔

خواتین ڈومیسٹک کرکٹ میں سدرہ نواز کو بہترین وکٹ کیپر اور بسمہ کو معروف بہترین بلے باز کا ایوارڈ ملا۔

کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے امپائرز اور آرگنائزرز کو بھی ایوارڈز دیئے گئے۔

XS
SM
MD
LG