رسائی کے لنکس

بھارت جا کر کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پی سی بی


فائل
فائل

شہریار خان نے پیر کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر نے دسمبر میں طے دو طرفہ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کی میزبانی کی پیش کش کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت جا کر مجوزہ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلے گی۔

منگل کو ویب سائٹ 'ای ایس پی این کرک انفو' سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے سربراہ شہر یار خان نے کہا کہ انہیں دو طرفہ سیریز بھارتی سرزمین پر کھیلنے کی دعوت قبول نہیں اور سیریز صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب بھارتی ٹیم متحدہ عرب امارات آکر کھیلنے پر آمادہ ہو۔

شہریار خان نے رواں ہفتے تصدیق کی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر نے ان سے رابطہ کرکے دسمبر میں طے دو طرفہ سیریز کی میزبانی کی پیش کش کی ہے۔

بھارتی اور پاکستانی کرکٹ بورڈ کے درمیان 2014ء میں طے پانے والے معاہدے کے تحت پاکستان کو رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں بھارتی ٹیم کی میزبانی کرنا تھی ۔

اس مجوزہ دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی20 میچ ہونے تھے۔ لیکن دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری سیاسی کشیدگی کے نتیجے میں مجوزہ سیریز کے انعقاد پر دونوں بورڈز کے درمیان اختلافات پید ا ہوگئے تھے۔

گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انو راگ ٹھاکر نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان کی حکومت انہیں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔

منگل کو 'کرک انفو' سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے سربراہ نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم متحدہ عرب امارات بھیجنے پر کیوں آمادہ نہیں اور انہیں تاحال بھارتی حکام نے دورے سے گریز کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی۔

انہوں نے کہا کہ 2014ء میں 'انڈین کرکٹ لیگ (آئی پی ایل)' بھی امارات ہی میں ہوئی تھی اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اب بھارتی حکام کو اپنی ٹیم کو امارات میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہ دینے کی کیا وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2007ء اور 2013ء میں بھارت کی میزبانی میں دو سیریز کھیل چکا ہے اور اب دوبارہ وہاں نہیں کھیلے گا۔

شہریار خان نے واضح کیا کہ دسمبر 2015ء میں طے سیریز کا میزبان پاکستان ہے جسے وہ اپنے 'ہوم وینو' یعنی متحدہ عرب امارات ہی میں کھیلے گا۔

خیال رہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث گزشتہ کئی سال سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں ہی کرانے پر مجبور ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کے وزیرِ داخلہ چوہدی نثار نے بھی کہا تھا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیشِ نظر قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت جا کر کھیلنے کی مخالفت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG