پاکستان اور امارات کرکٹ بورڈز کے درمیان جاری تنازع حل ہوگیا ہے اور دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان سرد جنگ ختم ہوگئی ہے۔
پاکستان نے ہوم سیریز کا مقام تبدیل نہ کرتے ہوئے تمام میچز امارات کے شہروں شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
ورنہ اس سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے ہونے والی ہوم سیریز امارات سے ملائیشیا منتقل کرنے کاخدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
بورڈز کے درمیان تنازعہ کا یہ حل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی دبئی میں امارات کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت کھڑا ہوا تھا جب امارات کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے اکتوبر اور نومبر 2018ء میں ہونے والی پاکستانی ہوم سیریز کے درمیان تین مختلف غیر ملکی لیگز ’ایمریٹس لیگ‘، ’افغان لیگ‘ اور ’ٹی ٹوئنٹی لیگ‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہی برداشت کرنا پڑتا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ امارات بورڈ کو اس بات پر رضامند کرنا چاہتا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے 35دن قبل امارات میں کوئی کرکٹ ایونٹ منعقد نہ کیا جائے۔
تنازع دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے لیے پریشان کن تھا۔ پاکستان ایک عرصے سے اپنی ہوم سیریز اور دیگر میچز امارات میں منعقد کراتا رہا ہے جس کے سبب تمام کھلاڑی وہاں کی وکٹسں اور کنڈیشنز کے عادی ہوگئے ہیں۔ پھر کسی دوسری جگہ منتقلی کے سفری اخراجات کا بوجھ بھی لامحالہ پاکستان کو ہی برداشت کرنا پڑتا اور جو دیگر مسائل سامنے آتے وہ بھی پریشانی کا باعث ہوسکتے تھے۔
ادھر امارات کے لیے بھی یہ صورتِ حال آئیڈیل نہیں تھی اور اگر پاکستان وہاں سیریز نہ کرانے کا فیصلہ کرتا تو امارات کرکٹ بورڈ کو بھی مالی نقصانات برداشت کرنا پڑتا۔
دونوں بورڈ کے درمیان اب معاملات طے پا گئے ہیں اور پاکستان نے واضح کردیا ہے کہ وہ میچز کہیں اور منتقل نہیں کرے گا اور چوتھی پاکستان سپرلیگ بھی متحدہ امارات میں ہی منعقد ہوگی۔
حکام کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے دونوں کرکٹ بورڈ نے اتفاق کیا ہے کہ امارات میں پاکستان کے انٹرنیشنل میچز اور 10 فروری 2019ء سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے دوران امارات کرکٹ بورڈ کسی بھی قسم کی لیگ یا میچز کی میزبانی نہیں کرے گا۔
اتفاقِ رائے کے تحت پاکستان نے امارات کی جانب سے 10 دسمبر 2018ء سے 10 جنوری 2019ء تک ایک ٹی 20 اور ایک ٹی 10 لیگ کی میزبانی پر کسی قسم کا کوئی اعتراض نہ کرنے کا بھی اشارہ دیا ہے جب کہ بدلے میں امارات نے پاکستان کو میچز کے اخراجات خصوصاً اسٹیڈیم کے کرائے میں بھی کمی کرنے کی نوید سنا دی ہے۔