اگر ایک طرف دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لہر نے ملک بھر کے لوگوں میں بے چینی کی کیفیت پیدا کی ہے اور ہر قسم کی تجارتی، سماجی، سیاسی اور ثقافتی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے، تو دوسری طرف معاشرے میں چند ایسے افراد اور تنظیمیں بھی موجود ہیں جو اِس کیفیت سے لوگوں کو نکالنے اور حالات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کافی عرصے کے تعطل کے بعد منگل کو روایتی خٹک ڈانس اور ڈھولک کی تھاپ پر پشاور کے اکلوتے فائیو سٹار ہوٹل میں دو روزہ میلے کا آغاز ہوا، جِس کا مقصد صوبہٴ سرحد کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔
امن میلے کا انعقاد عورتوں کے حقوق کے تحفظ کرنے والی ایک تنظیم نے دیگر غیر سرکاری، سماجی اور صحافتی تنظیموں کے تعاون سے کیا تھا۔
اِس موقعے پر وزیر برائے ترقی، خواتین و سماجی بہبود ستارہ ایاز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ میلے کا اہتمام کرنے والے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری قوم اب بھی بھرپور زندگی گزار رہی ہے۔
ستارہ ایاز نے کہا کہ میلوں کے انعقاد سے عام لوگوں پر مثبت اثر پڑتا ہے۔
مقامی طور پر تیار کی گئی مصنوعات اور اشیا کی نمائش کے علاوہ صوبہٴ سرحد اور ملحق قبائلی علاقوں میں طرزِ زندگی، لوگوں اور خوش نما وادیوں کی منظر کشی پر تصاویر کی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔
اس میلے کے تحت ہونے والے پروگراموں میں روایتی موسیقی، مشاعرہ اور ایک امن کانفرنس بھی شامل ہے۔
مقبول ترین
1