فلپائن میں منگل کو آنے والے شدید سمندری طوفان سے دارالحکومت منیلا میں درخت اکھڑنے اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک اور کاروباری معاملات معطل ہوکر رہ گئے۔
تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں جب کہ دریا اور سمندر کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اندرون شہر کے ایک اسپتال نے بھی عمارت کے زیریں حصے سے مریضوں کو منتقل کردیا ہے۔
عینی شاہدین نے اطلاع دی ہے کہ خیلج منیلا میں شدید لہریں اٹھ رہی ہیں جب کہ دارالحکومت میں شہر کے پرانے حصے میں کمر تک پانی کھڑا ہے۔
سمندری طوفان ’نیساٹ‘ علی الصباح جزیرہ لوزون کے مشرقی ساحل سے ٹکراتے ہوئے 140 کلومیٹرز فی گھنٹہ کی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے گزرا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ طوفان معمول کے طوفانوں سے دو گنا زیادہ شدت کا ہے اور یہ بحیرہ مشرقی چین کی طرف بڑھ رہا ہے۔