رسائی کے لنکس

چین کے شہر میں جنگل تو اُگ گیا، مچھروں کا کیا کریں؟


چین میں 'ورٹیکل فارسٹ' نامی رہائشی منصوبے میں صارفین سے شہر کے مرکز میں جنگل کا وعدہ کیا گیا جس میں ہر اپارٹمنٹ کی بالکونی میں پودے اگائے گئے ہیں۔
چین میں 'ورٹیکل فارسٹ' نامی رہائشی منصوبے میں صارفین سے شہر کے مرکز میں جنگل کا وعدہ کیا گیا جس میں ہر اپارٹمنٹ کی بالکونی میں پودے اگائے گئے ہیں۔

چین میں ایک رہائشی منصوبے میں 'ورٹیکل فارسٹ' یعنی عمودی جنگل تو بنا دیا گیا ہے تاہم مچھروں کی بہتات کے باعث منصوبے میں رہائش کے لیے لوگوں کی منتقلی سست روی کا شکار ہے۔

اس منصوبے میں مجموعی طور پر 826 اپارٹمنٹس ہیں۔ شہریوں نے رواں سال اپریل میں ہی تمام فلیٹس بک کر لیے تھے۔

رہائشی منصوبہ جدید ترین سہولیات کے ساتھ ساتھ ڈھیر سارے پودوں سے بھرا ہوا ہے۔ مگر اس کی خوبصورتی کے ساتھ اس میں ایک دشواری یہ ہے کہ ان درختوں سے مچھروں کو بھی پیار ہے۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق مچھروں کی بہتات کی وجہ سے ابھی تک چند ہی خاندان اس منصوبے میں اپنے اپارٹمنٹس میں منتقل ہوئے ہیں۔

چین کے جنوب مغرب میں واقع شہر چینگڈو میں موجود یہ منصوبہ 2018 میں ڈیزائن کیا گیا تھا جس میں ہر فلیٹ کی بالکونی پر لوگوں کو پودے اگانے کی اجازت دی گئی تھی۔

لوگوں کے یہاں منتقل نہ ہونے کی وجہ سے اب اس بیابان میں پودوں اور مچھروں کا راج ہے۔

رواں ماہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس منصوبے کے اپارٹمنٹس کی تمام بالکونیاں پودوں سے بھر گئی ہیں۔

چین کے اخبار 'گلوبل ٹائمز' کے مطابق ابھی تک صرف 10 خاندان ہی اپارٹمنٹس میں منتقل ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG