برطانیہ کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی بیگمات ان دنوں اپنی گھریلو اور پیشہ ورانہ مصروفیات اور بچوں کی نگہداشت جیسی اہم ذمہ داریوں کو پس پشت ڈال کر پوری تندہی سے اپنے شوہروں کی انتخابی مہم میں شریک ہیں۔
لیکن کیا برطانوی سیاست دانوں کی بیگمات کی اہم تقریبات میں شرکت سے ان کے شوہروں اور ان کی جماعتوں کا مستقبل بدل سکتا ہے؟
حال ہی میں شائع ہونے والے ایک جائزے کے مطابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی اہلیہ سامنتھا کیمرون کو ووٹروں کی جانب سے حالیہ انتخابی مہم کا "سرمایہ" قراردیا گیا ہے۔
رائے عامہ کے مطابق سامنتھا کیمرون کو اپنے شوہرکی انتخابی مہم چلانے میں دیگر رہنماؤں کی بیویوں پرسبقت حاصل ہے۔
'یو گو' کےجائزے میں تین بڑی سیاسی جماعتوں، کنزرویٹیو کے قائد ڈیوڈ کیمرون کی اہلیہ سامنتھا کیمرون، لیبر پارٹی کے رہنما ایڈ ملی بینڈ کی اہلیہ جسٹن ملی بینڈ اور لبرل ڈیموکریٹ کے لیڈر نک کلیگ کی اہلیہ مریم کلیگ کے بارے میں ووٹروں سے رائے پوچھی گئی تھی کہ ان سیاسی رہنماؤں کی بیگمات کا اپنے شوہروں کی انتخابی مہم میں کیا کردار ہے؟ اور وہ کون سی خاتون ہیں جنھیں انتخابات میں اپنی پارٹی کا بہترین اثاثہ کہا جا سکتا ہے؟
رائے عامہ کے جائزے کے مطابق 71 فی صد رائے دہندگان نے سامنتھا کیمرون کو پسند کیا جنہیں جسٹن ملی بینڈ اور مریم کلیگ کےمقابلے میں دوگنی مقبولیت حاصل ہے۔
وزیر اعظم کی اہلیہ نے مرد اور خواتین رائے دہندگان دونوں کی جانب سے زیادہ اسکور حاصل کیا۔ تقریباً 74 فی صد مردوں اور 68 فیصد خواتین نے سیم کیمرون کو ان کی پارٹی کے لیے بہترین اثاثہ بتایا ہے۔ ان میں ایسے ووٹرز بھی شامل تھے جو دوسری سیاسی جماعتوں کی حمایت کر رہے تھے۔
سامنتھا کیمرون کو خاص طور پر 25 سے 39 سال کےلوگوں کی حمایت حاصل ہوئی ہے جنھیں روایتی طور پر ٹوریز کے لیے مشکل ہدف قرار دیا جاتا ہے۔
مسز ملی بینڈ کےحق میں19 فیصد لوگوں نے رائے دی جب کہ نائب وزیر اعظم کی اہلیہ مسز کلیگ کو 10 فیصد لوگوں نے پسند کیا۔
کنزرویٹیو جماعت کے 90 فیصد حامیوں نے سامنتھا کیمرون کا انتخاب کیا، لبرل ڈیمو کریٹ کے 86 حامیوں نے مسز کلیگ کو انتخابات کا بہترین اثاثہ قرار دیا۔ جبکہ لیبر جماعت کے حامیوں کی 61 فیصد تعداد نے جسٹن ملی بینڈ کو انتخابی مہم کا سرمایہ قرار دیا۔
'یو گو' کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سمانتھا کیمرون کو انتخابات میں "ہائی پروفائل اہلیہ" کے طور پر دیکھا جارہا ہے جبکہ انتخابی مہم کے دوران مریم کلیگ اور جسٹن ملی بینڈ کے لیے "پارٹی سیاست دان" کا تصور ابھرا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران جہاں سیاسی رہنما پارٹی کے منشور کے ذریعے ووٹروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں، وہیں ان رہنماؤں کی بیگمات ووٹروں کے سامنے اپنے شوہر کو ایک اچھا انسان ثابت کرنے کے لیے خفیہ ہتھیار ثابت ہوتی ہیں۔
سامنتھا کیمرون
بزنس وومن سامنتھا کیمرون 1971ء میں شیفلڈ میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے فائن آرٹ میں ڈگری حاصل کی ہے۔ برطانیہ کے موجودہ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے ان کی شادی 1996ء میں ہوئی۔ ان کے چار بچوں میں سے تین حیات ہیں۔
ان کی بڑی بیٹی نینسی گیارہ سال، آرتھر کیمرون نو سال اور فلورنس کیمرون چار سال کی ہے۔ ان کا بڑا بیٹا ایون ذہنی طور پر معذور تھا جو 2009ء میں سات سال کی عمر میں فوت ہو گیا تھا۔
جسٹن ملی بینڈ
جسٹن ملی بینڈ ماحولیات کی وکیل ہونے کے ساتھ دو بیٹوں کی والدہ ہیں۔ ان کا کردار سیاسی بیوی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ وہ 1970ء میں مانچسٹر میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری حاصل کی ہے۔
ایڈ ملی بینڈ سے ان کی شادی 2011ء میں ہوئی ۔ان کے دو بیٹے ڈینئیل ملی بینڈ اور سیموئل ملی بینڈ ہیں۔
مریم کلیگ
مریم کلیگ وکالت کرتی ہیں لیکن ان کا نام سیاست، فیشن اور کاروباری دنیا میں بھی خاصا معروف ہے ۔وہ 1968ء میں اسپین میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی شادی 2000ء میں ہوئی اوروہ تین بیٹوں کی ماں ہیں۔