تھائی لینڈ کے حکام کے مطابق پولیس نے ہفتے کو بنکاک بم دھماکے میں ملوث ایک مشتبہ غیر ملکی کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈپٹی پولیس چیف چک تھپ چائیجنڈا نے پکڑے جانے والے مشتبہ شخص کے بارے میں کہا کہ ’’اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ راجاپراسونگ میں بم حملے میں ملوث ہے۔‘‘
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے تجارتی علاقے راجاپراسونگ میں ایراوان مندر کے قریب 17 اگست کو ہونے والے دھماکے میں غیر ملکیوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
مشتبہ شخص کو بنکاک کے مضافات میں نونگ جوک کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ چک تھپ نے کہا کہ ’’ہمیں اس کے اپارٹمنٹ سے بم بنانے کا سامان ملا ہے۔‘‘
پولیس کے ترجمان پراوت تھاورن سری نے کہا ہے کہ گرفتار ہونے والا شخص غیر ملکی ہے مگر یہ نہیں بتایا کہ اس کی شہریت کیا ہے۔ مقامی میڈیا نے کے مطابق پکڑا جانے والا شخص ترکی سے تعلق رکھتا ہے۔
بم دھماکے کے کچھ دیر بعد ہی پولیس نے سکیورٹی کیمرہ سے لی گئی وڈیو میں دیکھے گئے ایک شخص کا خاکہ جاری کیا تھا جو مندر کے قریب بینچ کے نیچے اپنا بیگ رکھ کر چلا گیا۔ ایک اور کیمرے میں پیلی ٹی شرٹ پہنے ہوئے مشتبہ شخص کو موٹر سائیکل ٹیکسی پر سوار ہو کر وہاں سے جاتے دیکھا گیا۔
اس سے قبل نامعلوم مشتبہ شخص کے لیے جاری کیے گئے گرفتاری کے وارنٹ میں اسے ایک ’’غیر ملکی شخص‘‘ کہا گیا تھا، مگر فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس واقعے کا تعلق بین الاقوامی دہشت گردی سے ہونے کا کوئی امکان نہیں۔