رسائی کے لنکس

پنجاب اور خیبرپختوںخوا اسمبلی تحلیل ہو گی یا نہیں؟ عمران خان آج اعلان کریں گے


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان آج پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔

عمران خان نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ 17 دسمبر لاہور کے لبرٹی چوک پر کارکنان سے خطاب میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنےکی تاریخ دیں گے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعے کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس کسی کو بھی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے کوئی شبہہ ہے وہ لبرٹی چوک میں اُن کی تقریر کا انتظار کرے۔

عمران خان نے کہا تھا کہ "وزیرِ اعلٰی پنجاب چاہتے ہیں کہ فی الحال اسمبلیاں تحلیل نہ کی جائیں، تاہم چوہدری پرویز الہٰی وہی کریں گے جو میں اُنہیں کہوں گا۔"

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلٰی اور وزیرِ اعظم کشمیر عمران خان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے

عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر اہم خطاب سے قبل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلٰی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس بھی زمان پارک پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل عمران خان کی زیرِ صدارت تحریکِ انصاف کا اعلٰی سطحی اجلاس بھی ہوا۔

اجلاس میں سینئر پارٹی رہنما اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک اور حماد اظہر بھی موجود تھے۔

اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ عمران خان کا ہی ہو گا: چوہدری پرویز الہٰی

وزیرِاعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے بارے میں حتمی فیصلہ عمران خان کا ہوگا۔ عمران خان کے فیصلے کا سوچ کر ''27 کلومیٹر کا وزیرِاعظم لرز رہا ہے۔''

جمعے کو اپنے ٹوئٹس میں انہوں نے کہا کہ معیشت سنبھالنے کا دعویٰ کرنے والے عوام کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔ ان کے بقول 13 جماعتیں بھی ملک کر معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہی ہیں۔


خیال رہے کہ موجودہ حکومت ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔

عمران خان نے 'جیو'، شاہزیب خانزادہ اور عمر ظہور کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کر دیا

سابق وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے متحدہ عرب امارات کے وکلا نے نجی ٹی وی چینل 'جیو'، شاہزیب خانزادہ اور عمر ظہور کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کے وکلا ٹیم کی سربراہی حسن شاد کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ شاہزیب خانزادہ نے اپنے شو میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تاجر عمر فاروق ظہور کا انٹرویو نشر کیا تھا جس میں اُنہوں نے توشہ خانہ سے ملنے والی گھڑیاں خریدنے کا دعویٰ کیا تھا۔

عمر فاروق ظہور نے پروگرام میں بتایا تھا کہ اُنہیں شہزاد اکبر نے فون کر کے کہا تھا کہ بہت قیمتی تحائف ہیں جو ہم فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ عمر فاروق ظہور نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی سہیلی فرح جمیل کے ذریعے یہ تحفے اُنہوں نے خریدے تھے۔

عمران خان نے اس پروگرام کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ بس بہت ہو گیا اب وہ 'جیو', شاہزیب خانزادہ اور عمر فاروق ظہور کے خلاف پاکستان، یو اے ای اور لندن کی عدالتوں میں قانونی کارروائی کریں گے۔

لگتا ہے عمران حکومت کی ساری توجہ توشہ خانہ کے تحائف ہڑپ کرنے پر رہی: احسن اقبال


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ لگتا ہے عمران خان کے چار سالہ دور میں ساری توجہ توشہ خانہ کے قیمتی تحائف کو ہڑپ کرنے پر مرکوز رہی۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بنی گاہ میں نجانے کیا کیا نذرانے کیے گئے مگر عوام کے لیے بھوک، مہنگائی اور بیروزگاری آئی جس کی سزا قوم آج بھگت رہی ہے۔

پنجاب کے صوبائی وزیر حسنین دریشک مستعفی


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے وزیر حسنین دریشک مستعفی ہوگئے ہیں۔

انہوں نے ہفتے کو ٹوئٹر پر اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ عمران خان کے نظریے اور فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے یہ رپورٹ کیا تھا کہ حسنین دریشک نے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیرِاعلیٰ پنجاب سے تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے استعفیٰ دیا۔

XS
SM
MD
LG