الیکشن والے دن دہشت گردی کے 56 واقعات ہوئے: نگراں وزیرِ داخلہ
نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ آٹھ فروری کا دن ہمارے لیے بہت بڑا امتحان تھا۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح تھی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الیکشن والے دن دہشت گردی کے 56 واقعات ہوئے جس میں تین فوجی، دو لیویز، سات پولیس اہلکار اور چار سویلین ہلاکتیں ہوئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ موبائل فون سروس کی بندش سے یقیناً لوگوں کو مشکلات ہوئیں، لیکن اس سے بہت سے جانیں بچائی گئیں۔
نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ الیکشن والے دن انٹرنیٹ فکسڈ براڈ بینڈ چل رہا تھا۔ یہ صرف پاکستان میں نہیں ہوا پوری دنیا میں ایسا ہوتا ہے۔
انتخابی نتائج کی ترسیل میں شفافیت کا فقدان تشویش ناک ہے: ہیومن رائٹس کمیشن
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نتائج کی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ قواعد کے تحت، ریٹرننگ افسران کے پاس اس وقت تک نامکمل نتائج تھے تو وہ قانونی طور پر الیکشن کمیشن کو یہ بتانے کے پابند تھے کہ کون سے ووٹوں کی گنتی کا ابھی انتظار ہے۔
کمیشن کے مطباق شفافیت کا یہ فقدان انتہائی تشویش ناک ہے۔ مزید برآں ہمیں اس تاخیر کو کسی غیر معمولی حالات سے منسوب کرنے کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی۔
عبوری انتخابی نتائج: آزاد امیدوار 49 نشستوں پر کامیاب، مسلم لیگ (ن) کی 38 نشستیں
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 124 نشستوں کے عبوری نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق 49 نشستوں کے ساتھ آزاد امیدوار سب سے آگے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 38، پاکستان پیپلز پارٹی 31، متحدہ قومی موومنٹ تین، جمعیت علمائے اسلام پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔
مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے: مریم نواز کا دعویٰ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں ن لیگ واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔
مریم نواز نے سماجی رابے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ کچھ نتائج کا انتظار ہے حتمی نتائج موصول ہوتے ہی نواز شریف جیت کی تقریر کریں گے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ کل رات میڈیا کے ایک حصے کی طرف سے جان بوجھ کر مسلم لیگ ن سے متعلق غلط تاثر بنایا گیا تھا۔