آئینی بینچ نے آرمی چیف کی توسیع کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے یہ فیصلہ سنایا۔
آئینی بینچ نے یہ درخواست عدم پیروی کے سبب خارج کی ہے۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے دفتر نے اس درخواست پر نا قابلِ سماعت ہونے کے اعتراضات عائد کیے تھے جو کہ اب بھی برقرار تھے۔
ازخود نوٹس کیس پر سماعت کرنے والا آئینی بینچ ٹوٹ گیا
سپریم کورٹ میں مقامی نشریاتی ادارے کے خلاف تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق ازخود نوٹس کیس پر سماعت کرنے والا آئینی بینچ ٹوٹ گیا ہے۔
آئینی بینچ میں شامل جسٹس عائشہ ملک نے تنخواہوں سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت سے معذرت کی۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کے مطابق ’بول نیوز‘ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کےلیے نیا آئینی بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
جسٹس امین الدین خان کا کہنا تھا کہ جج صاحبہ نے از خود نوٹس سننے سے انکار کیا ہے۔ آج عدالتی کارروائی کو ملتوی کر رہے ہیں۔
جسٹس امین الدین خان نے مزید کہا کہ تنخواہوں کا کیس نئے آئینی بینچ میں سماعت کے لیے لگے گا۔
پی ٹی آئی کی حکومت سے رابطوں کی تردید
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کی رپورٹس پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ حکومت سے اس سطح پہ کوئی رابطہ نہ ہے اور نہ ہو سکتا ہے۔ نہ کسی بھی حوالے سے احتجاج کو روکا جاسکتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا تھا کہ مقامی میڈیا میں رابطوں کے حوالے سے چلنے والی خبریں فیک نیوز ہے۔
ان کے بقول یہ خبریں تحریکِ انصاف کے احتجاج اور اس کی تیاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
بنوں: مغوی پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے جرگے کی تشکیل
- By شمیم شاہد
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں اسلحے سمیت اغوا کیے گئے سات پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے مقامی سطح پر جرگہ تشکیل دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ جرگہ اغوا کاروں سے بات کرے گا۔ پیر کو مسلح افراد نے سب ڈویژن وزیر روچہ چیک پوسٹ سے سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا تھا۔
مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ چیک پوسٹ کا گھیراؤ کرنے والے مسلح افراد کی تعداد 30 سے 40 تھی۔
روچہ چیک پوسٹ شمالی وزیرستان اور جانی خیل کے سنگم پر پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔