اسلام آباد راولپنڈی میں میٹرو بس، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں میٹرو بس معطل کر دی گئی ہے۔
پمز اسپتال سے بارہ کہو تک گرین لائن سروس کو بھی پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب بند کر دیا گیا ہے۔
جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے جب کہ وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس بند کی جائے گی۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل جانے والے تمام راستے بند
تحریکِ انصاف کے احتجاج کے پیشِ نظر حکومت نے اڈیالہ جیل جانے والے تمام راستے مکمل طور پر سیل کر دیے ہیں۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل جانے والی شاہراہ پر جگہ جگہ پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے اطراف قریبی آبادیوں کو جانے والے راستوں کی بندش کی وجہ سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔
مقامی میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وہ اتوار کو اسلام آباد جائیں گے۔
انہوں نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ وہ خود احتجاج میں شامل تمام قافلوں کی قیادت کریں گے۔
اسلام آباد جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند
تحریکِ انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد جانے والی 26 نمبر چونگی کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جب کہ اس مقام پر پنجاب رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہے۔ پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکار بھی یہاں موجود ہیں۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہ سرینگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند ہے۔
ایکسپریس وے کو بھی انتظامیہ کھنہ پل کے مقام سے دونوں اطراف سے آنے والی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔