مظاہرین سے جناح ایونیو خالی کروا لیا گیا
اسلام آباد میں سیکیورٹی فورسز نے بلیو ایریا میں اکھٹے ہونے والے مظاہرین کے خلاف سخت آپریش کرنے کے بعد ان سے علاقہ خالی کروا لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر کئی مظاہرین گرفتار کر لیے گئے جب کہ کچھ کارکن بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیو ایریا شرپسندوں سے خالی کروا لیا گیا ہے اوراس وقت وہاں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔
بشریٰ بی بی اور وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے کنٹینر کو آگ لگا دی گئی، بشری بی بی خیریت سے ہیں، پی ٹی آئی ذرائع
ایکسپریس ہائی پر جدید اسلحہ اور آنسو گیس کے شیلز سے مسلح نقاب پوش دیکھے گئے ہیں
ایکسپریس ہائی وے پر جدید اسلحے سے لیس نقاب پوش دیکھے گئے ہیں، عطااللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکسپریس ہائی وے پر چند گھنٹے پہلے جدید اسلحے سے لیس نقاب پوش افراد دیکھے گئے ہیں۔
ان کا کہناتھا ان افرادکو سی سی ٹی وی فوٹیج میں آنسو گیس کے شیل چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کیا آنسو گیس چلانے والی گن یا اس کے گولے مارکیٹ میں ملتے ہیں؟
انہوں نے سوال کیا کہ مظاہرین کے پاس یہ جدید اسلحہ کہاں سے آیا اور ان افراد کو آنسوگیس کی گنیں، گرینیڈ اور شیل کیسے دستیاب ہوئے؟
وزیر اطلاعات نے الزام لگایا کہ مظاہرے میں خیبر بختونخوا حکومت کے وسائل کو بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تفصیلات حاصل کر لی گئیں ہیں اور ان شرپسندوں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد ہیں، سیاسی جماعت نہیں ہے۔ اب ان سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو گی۔ کیونکہ بات چیت سیاسی جماعتوں سے ہوتی ہے دہشت گردوں سے نہیں۔
عطااللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ریڈزون کی طرف ان کی پیش قدمی کو پسپا کر دیا گیا ہے۔ریاست اپنی رٹ قائم رکھے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔
دھرنے والوں سے اب کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے: محسن نقوی
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے احتجاج کے پیچھے وہ 'عورت' ہے۔ سب نے پی ٹی آئی کا 'پرامن احتجاج' دیکھ لیا۔
وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ ڈی چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آنے والے آ گئے، ایک بات طے ہے کہ آنے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ یہ لوگ اسلام آباد میں لاشیں چاہتے تھے۔
وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے افغان شہریوں کو ممبرشپ دی، ایسا پاکستان میں کسی سیاسی جماعت نے نہیں کیا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف والے اپنے ساتھ دیہاڑی دار مزدور بھی لے کر آئے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گولی چلانا کوئی مشکل نہیں ہے، ہم یہاں ایک برسٹ ماریں تو یہاں کوئی نظر نہیں آئے گا۔