رسائی کے لنکس

براہِ راست رینجرز نے مظاہرین کو ڈی چوک سے پیچھے دھکیل دیا، شیلنگ کا سلسلہ جاری

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا تھا، تاہم رینجرز اہلکاروں نے اُن پر شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں برسائیں۔

14:04

تحریکِ انصاف کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا

تحریک انصاف کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق رینجرز اور پولیس کے اہلکار ڈی چوک پر لگائے گئے کنٹینروں کے عقب میں چلے گئے ہیں۔ ڈی چوک پر مظاہرین کنٹینروں کے سامنے جمع ہو رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین کی طرف سے میڈیا کے نمائندوں اور گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کی کوشش کی گئی۔

14:00

تحریکِ انصاف کے کارکنان ڈی چوک کے قریب

پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان بلیو ایریا سے آگے بڑھ کر ڈی چوک کے قریب پہنچنے والے ہیں۔ اس دوران رینجرز اور مظاہرین نے ایک دوسرے پر آنسو گیس کے شیل پھینکے ہیں۔

13:58

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈی چوک کا دورہ

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک سے شہید ملت چوک تک سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی شیلنگ کے دوران شہید ملت چوک پہنچے جہاں انہوں نے سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں سے ملاقات کی ۔

محسن نقوی نے اہلکاروں سے گفتگو میں کہا کہ شرانگیزی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹنا جائے گا۔

13:53

مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ جاری

اسلام آباد میں ڈی چوک کی جانب بڑھنے والے پی ٹی آئی کے قافلے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی جا رہی ہے۔

پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کی بھاری نفری بھی احتجاجی قافلے کے روٹ پر تعینات ہے ۔ پولیس اور رینجرز کی طرف سے شیلنگ کے ساتھ ساتھ ربڑ بلٹ بھی فائر کی جا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مظاہرین کی طرف سے بھی آنسوگیس کی شیلنگ کی جا رہی ہے جب کہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ بھی کر رہے ہیں۔

شیلنگ، ربڑبلٹ اور پتھراؤ سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

آنسو گیس کے دھویں کے سبب قریبی علاقوں میں رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں کیوں کہ دھواں ان کے گھروں تک پہنچ چکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے چند ایک مقامات پر املاک کو آگ بھی لگائی ہے۔ پی ٹی آئی کے قافلے کا پہلا حصہ ابھی بلیو ایریا پہنچا ہے جب کہ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کا قافلہ راستہ میں ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG