رسائی کے لنکس

بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج

مقدمے کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام بھیجا کہ آج ڈی چوک پہنچنا ہے۔

08:48 27.11.2024

کارکنان کی ہلاکت پر تحریکِ انصاف کے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاج کے دوران کارکنوں کی ہلاکت کا الزام سیکیورٹی اداروں پر عائد کیا ہے۔

تحریکِ انصاف نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ اور پنجاب پولیس کے آئی جی کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔

تحریکِ انصاف نے اعلامیے میں کہا ہے کہ احتجاج فی الوقت منسوخ کیا جا رہا ہے۔

08:52 27.11.2024

تحریکِ انصاف کا کنٹینر اور دیگر املاک نذر آتش

اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے احتجاج میں شامل مرکزی کنٹینر اور متعدد دیگر املاک کو نذر آتش کیا گیا ہے۔

تحریکِ انصاف نے الزام لگایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کنٹینر، لوگوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزرا کا دعویٰ ہے کہ تحریکِ انصاف نے کنٹینر سمیت دیگر املاک کو خود نذر آتش کیا ہے۔

09:06 27.11.2024

چار دن بعد بیشتر موٹر وے بحال

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے اسلام آباد میں احتجاج کے باعث چار روز سے بند موٹروے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاہور تا اسلام آباد موٹر وے (ایم ٹو)، لاہور تا عبد الحکیم (ایم تھری)، پنڈی بھٹیاں تا ملتان(ایم فور)، ملتان تا سکھر (ایم فائیو)، لاہور تا سیالکوٹ (ایم الیون) اور ہکلہ تا ڈیرہ اسماعیل خان (ایم فورٹین) کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

چار دن قبل اعلان کیا گیا تھا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر ملنے والی معلومات کے سبب موٹر وے بند کیے جا رہے ہیں۔ تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی اسلام آباد آمد سے قبل ہی تمام موٹرویز بند کر دی گئی تھیں۔

09:28 27.11.2024

پولی کلینک اسپتال میں دو لاشیں اور 26 زخمی لائے گئے: حکام

اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ہلاک اور زخمی افراد کی تعداد کے حوالے سے مختلف دعوے کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف نے آٹھ کارکنوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے تاحال مجموعی طور پر ہلاک افراد کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

مقامی نشریاتی ادارے ’جیو نیوز‘ کے مطابق اسلام آباد کے پولی کلینک کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ اسپتال میں 2 لاشیں اور 26 زخمی لائے گئے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ اسپتال لائے گئے تمام افراد کو گولیاں لگی تھی۔رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں بیشتر کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG