مخصوص نشستوں پر حلف غیر آئینی ہے: عمر ایوب کا قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال
سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
جمعے کو قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے آج حلف اُٹھایا وہ غیر آئینی ہے کیوں کہ پشاور ہائی کورٹ نے اسٹے آرڈر دیا ہوا ہے۔
عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ جب تک ہماری 180 نشستیں پوری نہیں ہو جاتیں، احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ جمعے کو مخصوص نشستوں پر چار ارکان نے رُکنیت کا حلف اُٹھایا، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین سے حلف لیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ عدالت یا الیکشن کمیشن کی طرف سے ہمیں کوئی ہدایات نہیں ملیں۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار کسی دوسرے صوبے میں نہیں ہے۔ لہذٰا اگر پنجاب سے مخصوص نشستوں پر حلف لیا گیا ہے تو یہ توہینِ عدالت نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کا اطلاق خیبرپختونخوا کے لیے مختص مخصوص نشستوں پر ہوتا ہے۔
بلاول ووٹ مانگنے نہ بھی آتے تو مسلم لیگ (ن) آصف زرداری کو ووٹ دیتی: وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے ارکان صدرِ پاکستان کے لیے آصف زرداری کو ووٹ دیں گے۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ شکر ہے کہ ایوانِ صدر میں ایسی شخصیت آ رہی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران ایوانِ صدر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔
واضح رہے کہ نو مارچ کو پاکستان میں صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں جس میں سابق صدر آصف زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کے درمیان مقابلہ ہے۔
صدارتی امیدوار محمود اچکزئی کا الیکشن کمیشن کو خط، صدارتی انتخاب کے التوا کی درخواست
سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے الیکشن کمیشن سے صدارتی انتخاب کے التوا کی درخواست کی ہے۔
محمود اچکزئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدارتی انتخابات کے لیے الیکٹورل کالج نامکمل ہے اور ابھی مخصوص نشستیں بھی رہتی ہیں۔
خط کے متن کے مطابق مخصوص نشستوں کے بغیر صدارتی انتخابات کرانا نہ صرف آٓئین و قانون کے خلاف ہے بلکہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہوئے بغیر الیکٹورل کالج پورا نہیں ہوگا۔
خط کے مطابق مخصوص نشستوں کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل نے عدالت سے بھی رجوع کررکھا ہے۔ معاملے پر عدالت سے حق میں فیصلہ آنے کی امید ہے۔
سندھ اسمبلی کی تین مخصوص نشستوں کے ووٹوں کو صدارتی انتخابات میں نہ گننے کا حکم
سندھ ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی تین مخصوص نشستوں کے ووٹوں کو صدارتی انتخابات میں نہ گننے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن، ایم کیوایم، پیپلز پارٹی اور دیگر سے 28 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔ سنی اتحاد کونسل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سندھ اسمبلی کی ان کی مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دے دی گئی ہیں۔
سنی اتحاد کونسل نے جن نشستوں کا دعویٰ کیا ہے کہ ان پر گزشتہ روز پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اراکین نے حلف اٹھایا ہے۔
خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر پیپلز پارٹی کی سمیتا افضال اور ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید نےحلف اٹھایا تھا جب کہ اقلیتوں کی مخصوص نشست پر پیپلز پارٹی کے سریندر ولاسائی نے حلف اٹھایا تھا۔