رسائی کے لنکس

'ہمارے نمبر پورے نہیں ہوتے تو اتحاد کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھیں گے'

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے بلاول ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اس کے آزاد امیدوار دو روز میں کسی جماعت میں شامل ہو جائیں گے۔

12:54 11.2.2024

لاڑکانہ : دو برادریوں میں تصادم میں اموات کی تعداد چھ ہو گئی ہے

لاڑکانہ میں انتخابی مخاصمت پر دو برادریوں میں ہونے والی دو طرفہ فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔

سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے لاڑکانہ کے علاقے نوڈیرو چوک پر فائرنگ کے دوران ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا ہے۔

انہوں نے پولیس اہلکار سمیت چھ افراد کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے۔

آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ کے تھانہ ماہوٹا کے اے ایس آئی سلطان شاہ فائرنگ کی زد میں ہلاک ہوئے ہیں۔

12:47 11.2.2024

لاہور میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی ملاقات

لاہور میں مسلم لیگ (ن) اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور ایم کیو ایم کی قیادت کے درمیان اہم سیاسی امور زیرِ بحث آئے ہیں۔

ایم کیوایم کے وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کررہے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف، مریم نواز اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی ملاقات میں شریک ہیں۔

ایم کیوایم کے وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال شامل ہیں۔ ملاقات میں اہم ترین موضوع حکومت سازی ہے۔

12:01 11.2.2024

لاڑکانہ کے نوڈیرو چوک پر دو برادریوں میں تصادم، پولیس افسر سمیت تین افراد ہلاک

لاڑکانہ کے علاقے نوڈیرو چوک کے قریب دو گروہوں میں ووٹ دینے کے معاملے پر تصادم ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

فائرنگ کے تبادلے میں کم سے کم پانچ مزید افراد زخمی بھی ہوئے۔

تصادم کے دوران فائرنگ اور لاٹھیاں لگنے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سمیت ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت حسن چانڈیو اور عمران ڈہانی کے نام سے ہوئی ہے جب کہ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پہنچنے والے پولیس اہلکار بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوا۔

ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سلطان شاہ کے نام سے ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق ڈہانی اور چانڈیو برادری سیاسی مخالفین ہیں۔ ان کے درمیان ووٹ دینے کے معاملے پر تصادم ہوا ہے۔

تصادم کے دوران دونوں جانب سے جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور فائرنگ کا یہ سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران دونوں جانب سے ایک ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

علاقے کی صورت حال اب بھی کشیدہ ہے اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے۔

11:42 11.2.2024

تحریکِ انصاف کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

تحریکِ انصاف نے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف اتوار کو ملک بھر میں پر امن احتجاج کی کال دی ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق احتجاج کا فیصلہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اتوار کو دو بجے ریٹرنگ افسران کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے گزشتہ روز الزام لگایا تھا کہ ان کی پارٹی کے جیتی ہوئی 22 سیٹوں پر دھاندلی کی گئی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG