رسائی کے لنکس

'ہمارے نمبر پورے نہیں ہوتے تو اتحاد کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھیں گے'

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے بلاول ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اس کے آزاد امیدوار دو روز میں کسی جماعت میں شامل ہو جائیں گے۔

14:47 11.2.2024

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، بغیر اجازت اجتماعات پر پابندی ہے: پولیس

‏پنجاب کی پولیس کا کہنا ہے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے ۔

پولیس حکومت کے مطابق کسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ غیر قانونی اجتماع کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔

صوبائی حکومت کے مطابق الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں بھی قانونی کارروائی ہو گی۔

پنجاب کی حکومت کا کہنا ہے کہ امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ اس میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جب کہ غیر قانونی اجتماع میں شرکت یا اس کی ترغیب دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

15:00 11.2.2024

پنجاب میں آزاد امیدواروں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت

عام انتخابات کے بعد جہاں وفاق میں حکومت بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے وہیں صوبۂ پنجاب میں آزاد حیثیت سے انتخابات جیتنے والے امیدوار پاکستان مسلم لیگ نواز میں شامل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

اس سلسلے میں پنجاب کی نشست پی پی 48 سے کامیاب ہونے والے خرم ورک، پی پی 49 سے کامیاب ہونے والے رانا فیاض اور پی پی 94 سے کامیاب ہونے والے تیمور لالی نے مسلم لیگ نواز میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق پنجاب کے 297 حلقوں میں سے 296 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں جن میں کامیاب ہونے والے 138 ارکان آزاد، 137 ارکان کا تعلق مسلم لیگ نواز سے، 10 ارکان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے اور 8 کا تعلق پاکستان مسلم لیگ سے ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ضیا الحق شہید اور تحریک لبیک پاکستان کے ایک ایک امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

15:03 11.2.2024

جن علاقوں میں یہ لوگ ہار گئے، وہاں دھاندلی ہوئی ہے: عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ( ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ یہ عجیب بات ہے کہ جہاں راناثنا اللہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہاں الیکشن شفاف ہوئے لیکن جہاں یاسمین راشد ہار جاتی ہیں، وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ سعد رفیق کے حلقے میں شفاف الیکشن ہوا ہے لیکن جن علاقوں میں یہ لوگ ہار گئے، وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

15:12 11.2.2024

بلوچستان اسمبلی کی سات نشستوں پر دوبارہ گنتی کا حکم

الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کی سات نشستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کی جن نشستوں پر دوبارہ گنتی ہوگی ان میں کوئٹہ کی تین نشستیں پی بی 40، پی 41 اور پی بی 43 شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ پشین کی دو نشستوں پی بی 48 اور پی بی 49 پر دوبارہ گنتی ہو گی۔

قلعہ عبد اللہ کی نشست پی بی 50 اور چمن کی نشست پی بی 51 پر بھی دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG