تحریکِ انصاف کے رہنما رہا
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اتوار کو گرفتار ہونے والے متعدد رہنماؤں کو رات گئے رہا کر دیا گیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کو بھی رات گئے رہا کر دیا گیا ہے۔ ان کو پنجاب پولیس نے لاہور میں اچھرہ کے مین روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کو بھی شخصی ضمانت پر رہائی مل گئی ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کو احتجاج میں گرفتار ہونے والے دیگر رہنماؤں کو بھی رہا کیا گیا ہے۔
بلوچستان؛ سینیٹ کی خالی نشستوں کے لیے امیدواروں کا اعلان
بلوچستان کے الیکشن کمشنر نے سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخاب کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔
بلوچستان سے سینیٹ کی تین خالی نشستوں کے لیے نو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سینیٹ کی نشستوں پر ایک امیدوار دستبردار بھی ہوا ہے۔
بلوچستان سے سینیٹ کی تین خالی نشستوں پرپولنگ 14 مارچ کو ہوگی۔
وزیر اعظم نے 19 رکنی کابینہ تجویز کر دی
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے لیے نام تجویز کر دیے ہیں۔ کابینہ میں ابتدائی طور پر 19 وزرا شامل ہوں گے۔
وزیر اعظم نے صدر آٖصف علی زرداری کو تجویز دی ہے کہ کابینہ میں ابتدائی طور پر خواجہ آصف، احسن اقبال سمیت دیگر وزرا سے حلف لیا جائے۔
کابینہ کے ارکان کے لیے تجویز کردہ ناموں میں قومی اسمبلی کے ارکان رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، چوہدری سالک حسین، عبد العلیم خان، جام کمال خان، امیر مقام، سردار اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر احمد شیخ اور ریاض حسین پیرزادہ شامل ہیں۔
سینیٹ سے اسحاق ڈار مصدق ملک کو کابینہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور سید محسن نقوی کو بھی وفاقی وزیر کی حیثیت سے کابینہ میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
صدر کو یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ شیزا فاطمہ خواجہ کو وزیرِ مملکت بنایا جائے۔