رسائی کے لنکس

سینیٹ کی خالی ہونے والی نشستوں پر دو اپریل کو الیکشن کا اعلان

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 2018 میں سینیٹ کی 52 نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان 12 مارچ 2024 کو اپنی چھ سالہ مدت پوری کرکے ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔

12:21 11.3.2024

جسٹس نعیم افغان کی بطور سپریم کورٹ جج حلف برداری

جسٹس نعیم افغان نے پاکستان کی سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس نعیم افغان سے حلف لیا۔

واضح رہے کہ جسٹس نعیم افغان قبل ازیں بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔

13:17 11.3.2024

نومنتخب صدر آصف زرداری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر

صدرِ پاکستان آصف زرداری کے اعزاز میں پیر کو ایوانِ صدر میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔

پاکستان کی مسلح افواج نے صدرِ مملکت کے اعزاز میں گارڈر آف آنر دیا۔ آصف زرداری ہفتے کو صدرِ پاکستان منتخب ہوئے تھے جب کہ اتوار کو اُنہوں نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا۔

13:32 11.3.2024

صحافیوں کی گرفتاری کے معاملے پر چیف جسٹس کی ایف آئی اے حکام کی سرزنش

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صحافیوں کی گرفتاری کے معاملے پر اسلام آباد انتظامیہ اور وفاقی تفتیشی ادارے (ایف آئی) پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

پیر کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رُکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ایف آئی اے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اسد طور پر جو دفعات لگائی گئیں وہ کیسے بنتی ہیں؟ کیا آپ کے ادارے میں کوئی پڑھا لکھا ہے؟ کوئی نہیں تو پھر اردو میں ترجمہ کروا لیں۔ کیا ہم نے صحافیوں کے خلاف آپ کو کوئی شکایت کی تھی؟

جسٹس فائز عیسٰی کا کہنا تھا کہ ججوں کا نام لے کر آپ نے صحافیوں کو نوٹس بھیج دیے۔ آپ ہمارا کندھا استعمال کر کے کام اپنا نکال رہے ہیں۔

خیال رہے کہ سرکاری افسران کے مہم چلانے پر صحافی اور یوٹیوبر اسد طور کو گرفتار کر لیا تھا۔ وہ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

15:16 11.3.2024

وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلٰی پنجاب غیر قانونی ہیں: عمر ایوب خان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب خان کہتے ہیں کہ اسلام آباد پولیس صرف پی ٹی آئی کے کارکنوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

عمر ایوب کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم حکومت ون نے تحریک انصاف کو نشانہ بنایا پھر نگراں حکومت آئی وہ بھی ان کی ذیلی حکومت تھی۔ انتخابات کے دن فارم 47 کو تبدیل کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے ایک بار پھر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جیتنے والوں کو 50 اور 60 ہزار کی لیڈ سے ہروایا گیا۔پاکستان کی تاریخ نہیں بلکہ یہ ورلڈ ریکارڈ دھاندلی تھی۔

رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں ہماری جو سیٹیں ہونی چاہئیں اس کے لیے پرامن مظاہرے جاری رہیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم دور کا مہنگائی کا سیلاب ان کی ذیلی حکومت نے جاری رکھا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG