رسائی کے لنکس

اڈیالہ جیل: عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقات پر دو ہفتے کی پابندی عائد

پنجاب کی حکومت نے اڈیالہ جیل میں قید تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

15:45 12.3.2024

عمران خان سے ملاقات پر پابندی قابلِ مذمت ہے، ان کی جان کو خطرہ ہے: تحریکِ انصاف

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات پر پابندی قابلِ مذمت ہے۔ پابندی سے قبل ان کے اہلِ خانہ اور وکلا کو آگاہ کرنا ضروری تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے۔ ان کو خطرہ ان سے ہے جن کی وہ تحویل میں ہیں۔ عمران خان عام قیدی نہیں ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سے بدھ کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اس ملاقات کے بعد تحریکِ انصاف مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر اعلیٰ حکام اس پابندی کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ وکلا کے ساتھ عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل پہنچے تھے لیکن ان کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

15:25 12.3.2024

عمران خان سمیت اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد

پنجاب کی حکومت نے اڈیالہ جیل میں قید تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

پنجاب کے محکمۂ داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے سبب راولپنڈی میں اڈیالہ جیل، میانوالی، اٹک اور ڈی آئی خان جیل کی انتظامیہ کو سخت حفاظتی انتظامات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔

اس اعلامیے میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی کا ذکر کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جیلوں کی سیکیورٹی سخت کی جائے اور جیل آنے جانے والے افراد کی چیکنگ کی جائے۔

جیل انتظامیہ نے عمران خان سے ملاقاتوں کے لیے منگل اور جمعرات کے دن مقرر کیے تھے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان کے علاوہ تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، پرویز الہی بھی قید ہیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے چند روز قبل اڈیالہ جیل پر حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

13:19 12.3.2024

صدر زرداری کا تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نےتنخواہ نہ لینے کافیصلہ کیا ہے۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدرِ زرداری نے تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق صدر زرداری کے فیصلے کا مقصد ملک میں دانش مندانہ مالیاتی انتظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

13:09 12.3.2024

سنی اتحاد کونسل کے شبیر قریشی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر

پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکنِ سندھ اسمبلی شبیر قریشی ایوان میں پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیے گئے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو تقرر نامہ بھیج دیا۔

پی ٹی آئی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن سندھ اسمبلی ریحان راجپوت کو ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG