سینیٹ کے 52 اراکین ریٹائر؛ ملکی تاریخ میں تیسری بار ایوان غیر فعال
- By ایم بی سومرو
سال 2018 میں منتخب ہونے والے 52 سینیٹرز آج اپنی چھ سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں جب کہ سینیٹ کی کمیٹیاں بھی ختم ہو جائیں گی۔
پاکستان کی تاریخ میں تیسری بار سینیٹ کی خالی نشستوں پر نئے انتخابات ہونے تک سینیٹ غیر مؤثر رہے گا جب کہ الیکشن کمیشن نے خالی نشستوں پر دو اپریل کو پولنگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔
پنجاب اور سندھ سے 12، 12 جب کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 11، 11، اسلام آباد سے تین اور فاٹا سے سینیٹ کی چار نشستیں خالی ہوئی ہیں۔
قبائلی علاقے فاٹا کے صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے باعث فاٹا کی خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب نہیں ہو گا۔ اس طرح تقریباً 50 برس کے بعد فاٹا کے لیے سینیٹ میں مختص نشستیں ختم ہوجائیں گی۔ سینیٹ کی خالی ہونے والی بقیہ 48 نشستوں پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
ملتان: تین منزلہ عمارت گرنے سے 9 افراد ہلاک
ملتان میں تین منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری عہدیدار رضوان قدیر کے مطابق تین منزلہ رہائشی عمارت جمعے کی علی الصباح قریبی مکانات پر گر گئی اور حادثے میں مجموعی طور پر نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عہدیدار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار کا تعلق ایک ہی گھرانے سے تھا۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی لگادی
راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی ہے۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیرئیر اور جیل کے باہر میڈیا کیمروں والی جگہ پر قناتیں لگادی ہیں۔
پولیس کی جانب سے میڈیا کوریج پر پابندی ایسے موقع پر لگائی گئی ہے جب اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کا دن ہے۔
مقامی میڈیا کے نمائندے عمران خان سے ملنے کے لیے آنے والوں کے انٹرویوز کرتے ہیں۔