انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے: شاہ محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی میڈٰیا پاکستان میں ہونے والے انتخابات کو دھاندلی زدہ کہہ رہا ہے۔ الیکشن میں جیتے ہوئے لوگ بھی اس الیکشن کو نہیں مان رہے ہیں۔
ان کے بقول جو جماعتیں پی ٹی آئی کو توڑ کر بنائی گئیں ان کے لیے شرمندگی ہے۔ ان انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ درخواست ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری نہ کریں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوا ہے، اس کی تحقیقات کی جائیں۔
ان کے بقول انتخابات کے بعد عمران خان اور ان کی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا بلاول کس منہ سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کریں گے۔ ان انتخابات سے سیاسی استحکام نہیں آ سکتا۔ غیر مستحکم حکومت بنا بھی لیں تو چل نہیں سکے گی۔ اگر حکومت بن بھی گئی تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی 14 ہزار کی لیڈ سے جیت رہی تھی پھر اچانک رزلٹ آنا بند ہوگئے۔ چار بجے تک جاگتا رہا لیکن رزلٹ نہیں آ رہے تھے۔
جماعتِ اسلامی کا مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان
جماعتِ اسلامی پاکستان نے آٹھ فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 16 فروری کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری امیر العظیم نے کہا کہ جمعے کو اسلام آباد میں جماعتِ اسلامی پرامن احتجاج کرے گی۔
سزا یافتہ اور ملک سے باہر بیٹھے لوگ فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں: لیفٹننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کہتے ہیں کہ ملک کے اندر لاوا پکا ہوا ہے اور دشمن آگ لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔
راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ میجر (ر) عادل راجہ ملک سے باہر ہیں۔ ایکس سروس مین کے ایکس اکاؤنٹ کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور غلط افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ایکس سروس مین سوسائٹی کے 'ایکس' ہینڈل سے پیر کی شب ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی ذمے داری آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور چیف جسٹس پر عائد کی گئی تھی۔ تاہم ایکس سروس مین سوسائٹی نے اس بیان کی تردید کی ہے۔
لیفٹننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن کے نتائج کو تسلیم کرے، عدلیہ اور افواجِ پاکستان کو بدنام نہ کیا جائے۔ اگر ایک جماعت کو دو تہائی اکثریت بھی ملتی ہے تو بھی مل کر حکومت بنانی چاہیے۔
پی ٹی آئی کا مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم اور خیبرپختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر چلنے کا اعلان
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے مرکز اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) جب کہ خیبرپختونخوا میں جماعتِ اسلامی کے ساتھ مل کر چلنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے منظوری دی ہے کہ ایم ڈبلیو ایم اور جماعتِ اسلامی کے ساتھ مل کر چلا جائے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ہم دوسری جماعتوں کے ساتھ بھی بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ "مجھے سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے مختلف جماعتوں کے ساتھ رابطہ کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔"