بلاول کی خصوصی طیارے سے اچانک اسلام آباد آمد
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچے۔ واضح رہے کہ اتوار کو ٹھٹھہ میں پیپلز پارٹی کا جلسہ تھا جس سے بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے ہمراہ سندھ کے سابق وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ، پی پی رہنما سہیل انور سیال بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ سے مجموعی طور پر آٹھ رہنما خصوصی طیارے سے وفاقی دارالحکومت آئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت سازی سے متعلق مشاورت کے لیے بلاول بھٹو زرداری کو اسلام آباد طلب کیا تھا۔
آزاد امیدواروں کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے لیے الیکشن کمیشن کا سہولت مرکز قائم
الیکشن کمیشن نے انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے حوالے سے خصوصی ’سہولت مرکز‘ قائم کیا ہے۔
’سہولت مرکز‘ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سیکریٹریٹ کے کمرہ نمبر 107 میں قائم کیا گیا ہے۔
انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کو کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ کی جانب سے خط اور اصلی بیان حلفی جمع کرانا ہو گا جس کے بعد وہ اس سیاسی جماعت کا حصہ شمار ہوں گے۔
الیکشن کمیشن سے انتخابات میں آزاد امیدواروں کی کامیابی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد آزاد امیدواروں کے پاس سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے تین دن کا وقت ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل ہونے والے عام انتخابات میں تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد کامیاب ہوئی ہے۔
پاکستان میں ایکس تک رسائی میں دشواری
پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین پیر کو بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) تک رسائی میں مشکلات کی شکایت کر رہے ہیں۔
ایکس پر پاکستان میں ’ٹوئٹر ڈاؤن‘ کا ٹرینڈ بھی مستقل موجود ہے۔
انٹرنیٹ تک رسائی کو مانیٹر کرنے والے ادارے ‘نیٹ بلاکس‘ کے مطابق پاکستان میں صارفین کو ہفتے کے دن سے ’ایکس‘ تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔
نیٹ بلاکس کے مطابق یہ پابندی ایک ایسے موقع پر لگائی جا رہی ہے جب ملک میں انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو دن قبل پی ٹی آئی نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ تحریکِ انصاف کا الزام ہے کہ ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو مبینہ طور پر دھاندلی کرکے شکست دی گئی۔ دیگر کئی جماعتیں بھی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔ اتوار کو چار جماعتوں کے اتحاد نے بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال کی تھی۔