سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکا ہے: سینیٹر مشتاق
جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں مکمل ناکام رہا ہے اس لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ناکامی تسلیم کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیں۔
منگل کو سینیٹ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق نے کہا کہ انتخابات کو جعلی قرار دیا اور کہا کہ جعلی انتخابات سے جعلی حکومت ہی بنے گی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس کی جزوی بندش پر سینیٹر مشتاق نے کہا کہ ملک میں تین روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس بند ہے، دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال کالی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکا ہے، تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی سے اجتناب کر کے انہیں بحال کیاجائے۔
ایم کیو ایم نے حکومت میں شامل ہونے کے لیے تین نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت مانگ لی
- By محمد ثاقب
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حکومت میں شامل ہونے کے لیے مسلم لیگ (ن) سے تین نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت مانگ لی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی دعوت پر پارٹی کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس دوران ملک کو درپیش چیلنجر سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی بنانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کو آئینی تحفظ دلوانا ایم کیو ایم پاکستان کی اولین ترجیح ہے جب کہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کا حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق بھی ہوا ہے۔
حکومت سازی کے لیے (ن) لیگ اور پی پی کے درمیان چھٹی بیٹھک آج ہو گی
حکومت سازی کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی متعلقہ کمیٹیوں کے درمیان آج چھٹی بیٹھک ہو گی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان اس سے قبل ہونے والے پانچ اجلاس بے نتیجہ رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پیر کو اجلاس کے بعد میڈیا سےبات کرتے ہوئے کہا تھاکہ دونوں جماعتوں کی بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے۔