رسائی کے لنکس

مبارک ثانی کیس: سپریم کورٹ نے متنازع پیراگراف حذف کر دیے

احمدی کمیونٹی کے شخص مبارک احمد ثانی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میری نماز میں ایک ہی دعا ہوتی ہے کہ مجھ سے کوئی غلط فیصلہ نہ ہو۔ کبھی کوئی غلطی ہو تو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

13:05 22.8.2024

مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کا علما سے معاونت لینے کا فیصلہ

سپریم کورٹ نے مولانا فضل الرحمٰن، مفتی شیر محمد اور عدالت میں موجود علما سے معاونت لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعیت علمائے پاکستان (جے یو پی) ابو الخیر محمد زبیر، جماعت اسلامی کے فرید پراچہ بھی عدالت کی معاونت کریں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم نے مفتی تقی عثمانی سے بھی معاونت کا کہا تھا وہ ترکیہ میں ہیں۔

ان کے بقول عدالت نے مفتی منیب الرحمٰن کو آنے کی زحمت دی وہ نہیں آئے۔

اس دوران مفتی منیب الرحمٰن کے نمائندے نے آگاہ کیا کہ مجھے مفتی منیب الرحمٰن نے مقرر کیا ہے۔

12:58 22.8.2024

مفتی تقی عثمانی ترکیہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت میں شامل

پاکستان میں دیوبندی مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معروف عالمِ دین مفتی تقی عثمانی ترکیہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں جاری مبارک احمد ثانی کیس کیہ سماعت میں شامل ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے لطیف کھوسہ اور صاحب زادہ حامد رضا کو بات کرنے سے روک دیا ۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ یہ واضح کر رہے ہیں کہ کسی وکیل کو نہیں سنیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ وہ بطور قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی کے رُکن کے طور پر پیش ہو رہے ہیں۔ صاحب زادہ حامد رضا کے نکتۂ اعتراض پر ہی سارا معاملہ شروع ہوا تھا۔

اس پر چیف جسٹس نے صاحب زادہ حامد رضا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ دیگر علما سے بڑے ہیں؟

تو حامد رضا نے جواب دیا کہ درسِ نظامی کا فاضل ہوں کسی سے بڑے ہونے یا برابری کا دعویٰ نہیں کرتا۔

اس پر چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں اور عدالتی کارروائی چلنے دیں۔

حامد رضا نے کہا کہ ہمارا مؤقف ہے کہ عدالت کا پورا فیصلہ ہی غلط ہے۔ ہم چاہتے ہیں پورا عدالتی فیصلہ ہی واپس لیا جائے۔

اس دوران ویڈیو لنک سے سماعت میں موجود مفتی تقی عثمانی نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کے دو پیراگراف حذف کرنے کی استدعا کی۔

مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ پیراگراف نمبر 7 اور 42 کو حذف کیا جائے۔

مفتی تقی عثمانی نے مقدمے سے دفعات ختم کرنے کے حکم میں بھی ترمیم کی استدعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت دفعات کا اطلاق ہونے یا نہ ہونے کا معاملہ ٹرائل کورٹ پر چھوڑ دے۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اصلاح کھلے دل کے ساتھ کرنی چاہیے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے لکھا ہے کہ ملزم مبارک ثانی نجی تعلیمی ادارے میں استاد تھا۔ گویا عدالت نے تسلیم کر لیا کہ احمدی تعلیمی ادارے بنا سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ احمدی بند کمرے میں تبلیغ کر سکتے ہیں جب کہ قانون کے مطابق ان کو تبلیغ کی کسی صورت اجازت نہیں ہے۔ عدالت نے سیکشن298 سی کو مدِ نظر نہیں رکھا۔

اس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اگر ہم وضاحت کر دیں تو کیا یہ کافی ہوگا؟ تو مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ عدالت وضاحت کے بجائے فیصلے کا متعلقہ حصہ حذف کرے۔

12:46 22.8.2024

مبارک ثانی کیس: ’اگر ہم سے غلطی ہو جائے تو اصلاح بھی ہونی چاہیے‘

مبارک ثانی کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو یہ درخواست پارلیمنٹ نے لانے کی ہدایت کی؟

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خط لکھا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ انسان قول و فعل سے ہی پہچانا جاتا ہے۔ پارلیمنٹ کی ہر بات سر آنکھوں پر ہے۔ اچھی بات ہے پارلیمنٹ نے آپ کو حکم دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری نماز میں ایک ہی دعا ہوتی ہے کہ مجھ سے کوئی غلط فیصلہ نہ ہو۔ کبھی کوئی غلطی ہو تو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنہوں نے نظرِ ثانی کی درخواست دائر کی ہے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ان کے بقول اگر ہم سے کوئی غلطی ہو جائے تو اس کی اصلاح بھی ہونی چاہیے۔

12:38 22.8.2024

سپریم کورٹ میں مبارک ثانی کیس میں وفاق کی اپیل پر سماعت شروع

سپریم کورٹ میں مبارک ثانی کیس میں وفاق کی اپیل پر سماعت شروع ہو گئی ہے۔

اٹارنی جنرل دلائل دینے کے لیے روسٹرم پر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 29 مئی کو عدالت کا ایک فیصلہ آیا۔علما اوراراکین پارلیمان نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔ کچھ ایسے پیراگراف تھے جس پر عدالت کی توجہ چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دینی معاملہ ہے۔ اگر عدالت مناسب سمجھے تو علما کو بھی سن لے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG