’عمران خان کے جیل میں 200 دن مکمل، توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب کی سابق انفارمیشن سیکریٹری رہنما مسرت چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قید کو 200 دن مکمل ہو چکے ہیں۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم جیل کی مشکلات برداشت کرنے کے باوجود نظریے پر قائم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو توڑنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول عمران خان نے کوئی ڈیل نہیں کی۔
الیکشن کمیشن میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت آج مقرر
الیکشن کمیشن میں آج 69 انتخابی عذرداریوں پر سماعت ہو گی۔
مقامی میڈیا کےمطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے لیے دو بینچ تشکیل دیے ہیں جن میں ایک بینچ 31 کیسز کی سماعت کرے گا۔
بینچ نمبر ایک میں نثار احمد درانی اور بابر حسن شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کا بینچ نمبر دو 38 کیسز کی سماعت کر رہا ہے۔
بینچ نمبر دو میں الیکشن کمیشن کے ارکان شاہ محمود جتوئی اور جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان پر مشتمل ہے۔
اسد قیصر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
- By شمیم شاہد
پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک ِانصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔
جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحب زادہ اسد اللہ نے سابق اسپیکر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔
عدالت نے اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا 23 جون 2023 کا حکم نامہ غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔
اسد قیصر کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل عمرہ ادائیگی کے لیے جا رہے تھے کہ انہیں ہوئی اڈے پر روکا گیا۔
تحریکِ انصاف کا تین مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان
پاکستان تحریکِ انصاف نے تین مارچ کو پارٹی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے جمعرات کو انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے جس کے تحت انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 23 اور 24 فروری کو جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی 25 فروری کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27 فروری تک ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کے لیے تین مارچ کو پولنگ تحریکِ انصاف کے سینٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔