رسائی کے لنکس

بلے کے نشان سے متعلق عدالتی فیصلے پر تنقید، سپریم کورٹ کا برطانوی ہائی کمشنر کو خط

چیف جسٹس کے حکم پر لکھے ہوئے خط میں کہا گیا ہے کہ ہائی کمشنر نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں جمہوریت، انتخابات اور کھلے معاشرے کی بات کی تھی۔

12:46 29.5.2024

عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ سنایا نہ جا سکا، سیشن عدالت نے معاملہ ہائی کورٹ کو بھیج دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف عدت میں نکاح کیس میں اپیلوں پر فیصلہ سنایا نہ جا سکا جب کہ عدالت نے معاملہ ہائی کورٹ کو بھیج دیا ہے۔

اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کو عدت میں نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر آج فیصلہ سنانا تھا۔

بدھ کو سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے ایک مرتبہ پھر جج شاہ رخ ارجمند پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جب کہ عدالت میں عمران خان کے حامی وکلا اور خاور مانیکا کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جج فیصلہ سنائے بغیر اپنے چیمبر میں چلے گئے۔

جج شاہ رخ ارجمند نے اپنے چیمبر میں بیٹھ کر اسلام آباد ہائی کورٹ کو ایک خط بھی لکھ دیا ہے جس کے متن کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ ان پر مخصوص اعتراض اٹھائے جانے کے بعد اپیلوں پر فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہو گا۔

عدت میں نکاح کیس میں سیشن عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سات سات سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف دونوں نے اپیلیں دائر کی تھیں۔

سیشن عدالت کے جج نے ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ خاور مانیکا نے آج کھلی عدالت میں مجھ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی ایک درخواست پہلے ہی 30 اپریل کو خارج کر دی تھی۔

جج نے مزید لکھا کہ شکایت کنندہ اور اس کے وکیل نے ہمیشہ کسی نہ کسی بہانے کارروائی کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش کی ہے۔ چوں کہ اس کیس میں طوالت کے ساتھ دلائل سنے گئے ہیں اس لیے اپیلوں کو نمٹانے کے لیے ٹائم فریم مقرر کیا جا سکتا ہے۔

12:18 29.5.2024

عدت میں نکاح کیس: خاور مانیکا پر پی ٹی آئی کے حامی بعض وکلا کا مبینہ تشدد

اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف عدت میں نکاح کیس میں اپیلوں پر فیصلہ سنائے بغیر ہی اپنے چیمبر میں چلے گئے۔

سیشن عدالت نے عدت میں نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر آج فیصلہ سنایا جانا تھا۔ تاہم سماعت کے دوران کمرۂ عدالت میں عمران خان کے حامی وکلا اور بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

کمرۂ عدالت کا ماحول خراب ہونے کے بعد فاضل جج فیصلہ سنائے بغیر چیمبر میں چلے گئے۔

جج کے چیمبر میں جانے کے بعد پی ٹی آئی کے حامی بعض وکلا مشتعل ہوئے اور انہوں نے کمرہ ٔعدالت میں ہلڑ بازی کی۔ بعض وکلا نے خاور مانیکا کا پیچھا کیا اور انہیں عدالتی احاطے میں تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔

12:12 29.5.2024

وفاقی حکومت نے شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کر دی

شاعر احمد فراد
شاعر احمد فراد

کشمیری شاعر احمد فرہاد کے لاپتا ہونے کے کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا ہے کہ احمد فرہاد گرفتار ہیں اور پولیس کسٹڈی میں ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محسن اختر کیانی نے بدھ کو احمد فرہاد کے کیس کی سماعت شروع کی تو اس موقع پر پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے تھانہ دھیر کوٹ پولیس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ شاعر احمد فرہاد گرفتار ہیں اور اس وقت کشمیر پولیس کی کسٹڈی میں ہیں۔

پولیس رپورٹ پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کوہالہ پل کے بعد گرفتار کر کے دائرہ اختیار وہاں کا بنایا گیا ہے۔

جسٹس محسن نے ریمارکس دیے کہ کسی کو ایجنسیوں سے کوئی دشمنی نہیں۔ ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ قانون کے مطابق کام کریں۔

فاضل جج نے کہا کہ ہم نے کچھ سوالات اٹھائے تھے جن کے جواب آنا باقی ہیں۔ ہم نے بنیادی حقوق کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے۔

11:39 29.5.2024

نواز شریف کی رہائش گاہ پر بجٹ مشاورتی اجلاس، وزرا کی آمد

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم (ن) کے صدر نواز شریف کی زیرِ قیادت جاتی امرا رہائش گاہ میں بجٹ سے متعلق مشاورتی اجلاس میں شرکت کے لیے وزرا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف جاتی امرا پہنچ گئے ہیں جب کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی مشاورت اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ گئی ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اجلاس میں وفاقی بجٹ جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبائی بجٹ کے حوالے سے مشاورت کریں گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG