امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ رمضان امن کو فروغ دینے کا مہینہ ہے، جو مشکل کے شکار اور بے دخل ہونے والوں کی مدد کرنے اور سب سے خندہ پیشانی سے پیش آنے کا درس دیتا ہے۔
عید کے موقعے پر پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عید الفطر امریکہ اور بیرون ملک مقیم مسلمانوں اور غیر مسلموں کو ماہ رمضان کے دوران دیکھے گئے روح پرور جذبے اور یادوں کو قائم رکھنے کی تاکید کرتا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ عیدالفطر رمضان کے روزوں، کار خیر، ہمدردی اور احساس کا نام ہے۔
مائیک پومپیو نے کہا کہ میں عید الفطر کے موقعے پر امریکی محکمہٴ خارجہ اور اپنی جانب سے اپنے مسلمان احباب اور ساتھیوں کو اِس پر مسرت جشن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کو دنیا بھر کے مسلمان ملکوں اور برادریوں کے ساتھ قائم ہونے والے مضبوط تعلقات پر فخر ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ 34 لاکھ امریکی مسلمان روزانہ کی بنیاد پر ملکی سماجی تانے بانے کو انتہائی مالا مال کر رہے ہیں۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ اس نوع کی خدمات کثیر مذہبی رہن سہن اور لوگوں سے اچھی طرح پیش آنے کے نمایاں اصولوں کی ترجمان ہیں۔
مائیک پومپیو نے کہا کہ ایسے میں جب آپ اپنے پیاروں کے ساتھ یہ خصوصی تعطیل منا رہے ہیں، میں دعاگو ہوں کہ آئندہ برس آپ کے لیے امن اور مزید خوشحالی کا سال ہو۔ عید مبارک۔