رسائی کے لنکس

پاپ سنگر ’پرنس‘ کی موت، دنیائے موسیقی کا ناقابل تلافی نقصان


پرنس کے مداح اپنے محبوب سنگر کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے جوق در جوق ان کی رہائش گاہ پرجمع ہوتے رہے اور پھول رکھ کر اور شمعیں روشن کرکے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہے۔ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے

زندگی سے بھرپور گانوں پر ہر ایک کو جھومنے پر مجبور کر دینے والے امریکی پاپ سنگر پرنس اپنے مداحوں کو ہمیشہ کے لئے الوداع کہہ گئے۔

ستاون سالہ پرنس منی سوٹا میں پیزلی پارک میں واقع اپنی رہائش گاہ اور اسٹوڈیوز میں بے ہوش پائے گئے تھے۔ پرنس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

پرنس کی اچانک موت دنیا بھر کے میڈیا کی اہم خبر رہی اور سوشل میڈیا پر اہم شخصیات سے لے کر ہزاروں افراد نے پرنس کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ٹی وی چینلز ’سی این این‘، ’اسکائی نیوز‘ اور دیگر چینلز پر پرنس کے حوالے سے خبروں اور کوریج کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ پرنس کے مداح اپنے محبوب سنگر کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے جوق در جوق ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوتے رہے اور پھول رکھ کر اور شمعیں روشن کرکے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہے۔ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

ادھر صدر اوباما نے پرنس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنس کی موت سے دنیا ایک تخلیقی آئیکون سے محروم ہوگئی۔ وہ اعلی پائے کے فنکار تھے۔۔‘‘

پرنس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے مشہور گانے ’پرپل رین‘ کی مناسبت سے امریکہ کے مشہور نیاگرا فالز اور پیرس کے ایفل ٹاور سمیت دنیا بھر کی مشہور عمارتوں کو ’پرپل رنگ‘ میں رنگ دیا گیا۔

روجرز نیلسن جنہیں دنیا پرنس کے نام سے جانتی ہے نہ صرف بہترین گلوکار بلکہ سونگ رائٹر، پروڈیوسر اور میوزیشن بھی تھے۔ انہوں نے اپنے زیادہ تر میگا ہٹ گانے خود لکھے اور کمپوز کئے تھے۔

سنہ ستر اور اسی کے عشرے میں موسیقی کی دنیا پر ایک شہزادے کی طرح راج کرنے والے ’پرنس‘ کو عالمگیر شہرت ان کے گانے ’پرپل رین‘ اور ’وین ڈووز‘ سے ملی۔

’پرپل رین‘ کو بہترین تخلیقی کوشش کا آسکر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ ان کے بیشتر البم بھی سپرہٹ ثابت ہوئے۔ تیس سے زائد البم کے خالق پرنس کے گانوں کی دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زیادہ البم فروخت ہوئے۔

روک اینڈ رول کے ’ہال آف فیم‘ کا پرنس2004میں حصہ بنے جبکہ پرنس نے اپنے کیرئیر میں سات مرتبہ گریمی ایوارڈ بھی جیتا۔

XS
SM
MD
LG