رسائی کے لنکس

ٹرمپ اخلاقی اقدار اور غریبوں کا خیال رکھیں: پوپ فرانسس


پوپ فرانسس (فائل فوٹو)
پوپ فرانسس (فائل فوٹو)

ویٹیکن سے جاری ہونے والے پوپ فرانسس کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ ان کی قیادت میں غریبوں، بے یارومدد گاروں اور ضرورت مندوں  کے لیے  امریکہ آگے بڑھتا رہے۔

پوپ فرانسس نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ اخلاقی اقدار سے راہنمائی حاصل کریں ۔

جمعے کے روز مسٹر ٹرمپ کے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پوپ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی صدراتی مدت کے دوران لازمی طور پر غریبوں اوربے یارو مدد گارلوگوں کا خیال رکھیں۔

انہوں نے مسٹر ٹرمپ کے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے بعد بھیجے جانے والے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اس وقت انسانی برادری شدید نوعیت کے انسانی ہمدردی کے بحرانوں میں گھری ہوئی ہے، اور وہ توجہ اور متحدہ سیاسی ردعمل کی طلب گار ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ آپ کے فیصلوں کو ان اعلی روحانی اور اخلاقی اقدار کی راہنمائی حاصل ہوجنہوں نے امریکی عوام اور آپ کے ملک کے دنیا بھر میں انسانی وقار اورآزادی کے فروغ کے لیے کام کرنے کے عزم کی تاریخ مرتب کی ہے۔

ویٹیکن سے جاری ہونے والے پوپ فرانسس کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ ان کی قیادت میں تمام خدشات اور تحفظات سے بالاتر ہو کر غریبوں، بے یارومدد گاروں اور ضرورت مندوں کے لیے امریکہ آگے بڑھتا رہے۔

پوپ فرانسس تقریباً چار سال پر محیط اپنےاس مذہبی مقام و حیثیت میں غریبوں اور معاشرے کے کمزورں اور نادار افراد کے لیے آواز اٹھانے والی لاطینی امریکہ کی پہلی شخصیت ہیں۔

پچھلے سال تارکین وطن اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے بارے میں مسٹر ٹرمپ کے نظریات پر ایک سوال کے جواب میں پوپ نے کہا تھا کہ ایسے نظریات رکھنے والا شخص" مسیحی "نہیں ہوسکتا۔

مسٹرٹرمپ نے اپنے ردعمل میں پوپ کے تبصرے کو شرمناک قرار دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG