اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس عالمی ادارے کے نئے سیکرٹری جنرل کے طور پر پرتگال سے تعلق رکھنے والے انتونیو گوٹریز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان نے متفقہ طورپر ان کے حق میں ووٹ دیا ۔ اتفاق رائے کا ایسا مظاہرہ اس عالمی ادارے میں شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتا ہے۔
گوٹریز موجودہ سیکرٹری جنرل بن کی مون کی جگہ لیں گے جن کے عہدے کی مدت اس سال کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔
67 سالہ گوٹریز 1992 سے 2002 تک پرتگال کے وزیر اعظم اور2005 سے 2015 تک پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
توقع ہے کہ جنرل اسمبلی اگلے ہفتے اس تقرر کی باقاعدہ توثیق کردے گی۔
اپنی انتخابي مہم کے دوران وائس آف امریکہ کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کا سربراہ بننے کی مہم اس لیے چلا رہے ہیں کیونکہ وہ ایسے سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں جن سے دنیا کو درپیش بڑے بڑے چیلنجز کو حل کرنے میں مدد مل سکے۔