بالی ووڈ کی نئی فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘ کی ریلیز اور کامیابی نے ایک بات ثابت کر دی ہے کہ عید ہو یا دیوالی، سلمان خان کی فلم جب بھی ریلیز ہوگی۔۔بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔
اب تک ان کے بارے میں گمان کیا جاتا تھا کہ ان کی جو بھی فلمیں عید پر ریلیز ہوتی ہیں وہ کامیاب ہوتی ہیں۔ لیکن، ’پریم رن دھن پائیو‘ دیوالی پر ریلیز ہو کر بھی ہٹ، نہیں، سپرہٹ نہیں ۔۔۔ میگا ہٹ ہوگئی ہے۔
سورج برجاٹیہ کی ڈائریکشن میں بنی ’پریم رتن دھن پائیو‘ دیوالی کے ایک دن بعد 12 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنی اور پہلے ہی دن 40 کروڑ روپے کما کر نہ صرف شاہ رخ خان کی فلم ’ہیپی نیو ائیر‘ کو پیچھے چھوڑا، بلکہ ریلیز کے پہلے ہی دن سب سے زیادہ بزنس کرکے بالی وڈ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ فلم نے 100 کروڑ کلب میں داخل ہونے کے لئے صرف تین دن لئے۔
بھارتی چینل سی این این آئی بی این کے مطابق، ’پریم رتن دھن پائیو‘ کی ریکارڈ توڑ کامیابی کے ساتھ ہی سلمان خان نے جو نیا ریکارڈ اپنے نام کیا وہ ہے 100 کروڑ سے زیادہ بزنس کرنے والی 9 فلمیں اپنے نام کرنے کا ریکارڈ ہے۔
سال 2015ء میں 100 کروڑ کا بزنس کرنے والی فلموں میں ’پریم رتن دھن پائیو‘ نے پانچواں نمبر حاصل کرلیا۔ اس لسٹ میں سلمان کی ہی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ بھی موجود ہے۔ جن دوسری فلموں نے 100 کروڑ سے زیادہ کمائے ان میں ’اے بی سی ڈی2‘، ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ اور ’بہوبلی‘ شامل ہیں۔
ٹریڈ تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق ’پریم رتن دھن پائیو‘ انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی اچھا بزنس کر رہی ہے۔ فلم نے انٹرنیشنل باکس آفس پر اوپننگ ویک اینڈ میں 3 اعشاریہ87ملین ڈالرز کا بزنس کیا اور اب بھی رش لے رہی ہے جسے زبردست پرفارمنس قرار دیا جا سکتا ہے۔