رسائی کے لنکس

شہزادہ ہیری کی شادی میں شہزادہ ولیم بیسٹ مین ہوں گے


برطانیہ کے شہزادے ہیری اور امریکی ٹیلی ویژن اور فلم کی سابق اداکارہ میگن مارکل کی شادی ہفتے کے روز ونڈسر کے سینٹ جارج چیپل میں ہو رہی ہے۔ اس شادی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور یہ روایتی شاہی انداز میں منعقد کی جائے گی۔

سینٹ جارج چیپل میں 800 افراد کی گنجائش ہے اور 600 مہمانوں کو دعوت نامے جاری کر دئے گئے ہیں۔ تاہم شاہی مہمانوں میں برطانیہ کی وزیر اعظم تھیریسا مے اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن شامل نہیں ہوں گے کیونکہ سیاستدانوں کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا کو بھی شادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پریانکا چوپڑا شہزادے ہیری کی ہونے والی دلہن میگن کی سہیلی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ میگن کی شادی میں شرکت کی شدت سے منتظر ہیں۔

شہزادہ ہیری اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم کے ہمراہ ونڈسر میں
شہزادہ ہیری اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم کے ہمراہ ونڈسر میں

شادی کی تقریب میں شہزادہ ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم، جو اپنے والد کے بعد شاہی تخت کے دوسرے حقدار ہیں، اُن کے بیسٹ مین ہوں گے جبکہ میگن نے اپنی قریبی سہیلیوں میں سے کسی کو بھی برائڈز میڈ کیلئے منتخب نہیں کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ اُن کے سہیلیوں میں سے کسی کو برتر یا کم تر قرار دیا جائے۔

میگن اپنی والدہ ڈوریا ریگلینڈ کے ساتھ
میگن اپنی والدہ ڈوریا ریگلینڈ کے ساتھ

میگن کی والدہ بذریعہ کار لندن کیلئے روانہ ہو گئی ہیں۔ وہ شادی سے پہلے ملکہ الزبتھ ، شہزادہ فلپ، شہزادہ چارلز اور اُن کی بیگم سے ملاقات کریں گی۔ تاہم میگن کے والد ٹامس مارکل ان دنوں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کی وجہ سے میکسیکو کے ایک ہسپتال میں داخل ہیں۔ اس کے علاوہ مبینہ طور پر اُنہوں نے پاپارازی فوٹوگرافر سے کچھ تصاویر بنوائیں جن پر بہت سے حلقوں کی جانب سے اعتراض کیا گیا۔ لہذا وہ شادی میں شرکت نہیں کر یں گے۔ اُنہوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی زندگی کے سب سے بڑے موقع پر وہاں موجود نہیں ہوں گے۔

شاہی محل کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اس مشکل مرحلے پر وہ میگن کے والد کا احترام کریں اور اُنہیں بلا وجہ تنگ نہ کریں۔

شہزادہ ولیم نے اپنی شادی کی تقریب میں فوجی وردی پہنی تھی۔ لیکن بتایا جاتا ہے کہ شہزادہ ہیری ایسا نہیں کریں گے۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ شہزادہ ہیری نے داڑھی رکھی ہوئی ہے اور برطانوی فوج کے قانون کے مطابق فوجی افسروں کیلئے داڑھی رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ لہذا اُنہوں نے فوجی وردی نہ پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانیہ کا شاہی خاندان۔ فائل فوٹو
برطانیہ کا شاہی خاندان۔ فائل فوٹو

شاہی محل کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکہ الزبتھ کے شوہر شہزادہ فلپ بھی شادی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ حال ہی میں اُن کے کولہے کی سرجری ہوئی تھی اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ شاید شادی میں شرکت نہ کر پائیں۔

تاہم شہزادہ ہیری کا سب سے چھوٹا بھتیجا جو شادی کے دن صرف تین ہفتے کا ہو گا، تقریب میں موجود نہیں ہو گا۔

شاہی جوڑے کیلئے آراستہ کی گئی بگھی
شاہی جوڑے کیلئے آراستہ کی گئی بگھی

چیپل میں شادی کی رسم ختم ہونے کے بعد نو بیاہتا شاہی جوڑا ایک بگھی میں سوار ہو کر ونڈسر کے گرد چکر لگائے گا جہاں عام لوگ اُنہیں دیکھ سکیں گے۔

اس کے بعد ہونے والی ضیافت کیلئے 200 مہمانوں کو دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔

شاہی باورچی شادی کی دعوت کیلئے خاص کھانے تیار کرنے میں مصروف
شاہی باورچی شادی کی دعوت کیلئے خاص کھانے تیار کرنے میں مصروف

​ضیافت کیلئے شاہی باورچی انواع و اقسام کے کھانے اور میٹھا تیار کرنے میں پہلے ہی سے مصروف ہیں۔ شاہی محل کی جانب سے جاری ہونے والی ایک ٹویٹ میں بتایا گیا کہ شادی کیلئے لیمن ایلڈر فلاور کیک تیار کیا جا رہا ہے جو موسم بہار کے رنگوں کا عکاس ہو گا۔ کیک کو بٹر کریم سے ڈھانپا جائے گا اور اس پر تازہ پھلوں کی تہہ لگائی جائے گی۔ یہ کیک شیف کلیئر تیار کریں گی جن سے شہزادہ ہیری نے خصوصی طور پر درخواست کی ہے۔

شہزادہ ہیری کی طرف سے اپنی دلہن کیلئے جو شادی کی انگوٹھی تیار کی گئی ہے اُس کے وسط میں بوٹسوانا سے منگوایا گیا ایک بڑا ہیرا ہے۔ اس بڑے ہیرے کے دونوں جانب ایک ایک قیمتی پتھر ہے جو ہیری کی والدہ شہزادی ڈیانا کی ملکیت تھے۔

ہیری اور میگن کی شادی کے سوینئر برطانیہ بھر میں دوکانوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں
ہیری اور میگن کی شادی کے سوینئر برطانیہ بھر میں دوکانوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں

یہ شادی تاریخ کی دس مہنگی ترین شادیوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے جس پر ایک اندازے کے مطابق 42 ملین ڈالر کی رقم خرچ ہو گی۔ یہ تمام خرچہ شاہی خاندان خود برداشت کرے گا۔

شاہی جوڑے نے اعلان کیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر شادی کے تحفے قبول نہیں کریں گے۔ اس کے بجائے اُنہوں نے مہمانوں سے درخواست کی ہے کہ تحفے عطیات کی صورت میں اُن سات فلاحی تنظیموں کو پہنچائیں جن کی وہ سرپرستی کر رہے ہیں۔

میگن مارکل 4 اگست، 1981 کو لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں۔ اُن کی والدہ ڈوریا ریگلینڈ ایک سماجی کارکن اور یوگا انسٹرکٹر ہیں جبکہ اُن کے والد ٹامس مارکل ایک فلم سٹودیو میں لائیٹگ ڈائریکٹر تھے۔ میگن کے والد سفید فام امریکی ہیں جبکہ اُن کی والدہ سیاہ فام امریکن ہیں۔ اُن کے والدین میں اُس وقت طلاق ہو گئی جب وہ صرف چھ برس کی تھیں۔ اُن کے والد کی طرف سے اُن کا ایک سوتیلا بھائی ٹامس مارکل جونیئر اور سوتیلی بہن سمینتھا گرانٹ ہیں۔

مارکل ہالی ووڈ میں پلی بڑھیں اور اُنہوں نے وہاں نجی سکول میں تعلیم حاصل کی۔ بعد میں اُنہوں نے تھیٹر اور انٹرنیشنل سٹڈیز میں بیچلر ڈگری حاصل کی۔

میگن 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اینٹی سوشل‘ کے ایک سین میں
میگن 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اینٹی سوشل‘ کے ایک سین میں

تعلیم مکمل کرنے کے بعد میگن نے اداکاری کا پیشہ اپنایا اور متعدد ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کی۔ شہزادہ ہیری سے منگنی کے بعد اُنہوں نے اپنے کیرئر کو خیرباد کہہ دیا اور برطانوی شاہی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے تمام اکاؤنٹ بند کر دیے۔

XS
SM
MD
LG