رسائی کے لنکس

الیکشن کمیشن عام انتخابات سے متعلق تحفظات دور کرے: صدر ممنون


صدر ممنون حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے عوام اس بات سے آگاہ ہیں کہ ان کے نمائندے وہی ہو سکتے ہیں جنہیں وہ منتخب کریں۔

صدر ممنون حسین نے پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے ہونے والی ایک تقریب میں 25 جولائی کے انتخابات سے متعلق بعض حلقوں کے تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے الیکشن کمشن پر زور دیا ہے کہ وہ انہیں دور کرے۔

پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں واقع جناح کنونشن سینٹر میں پیر کو پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت ممنون حسین نے کہا کہ اس بار یوم آزادی اور انتخابات ساتھ ساتھ آئے اور اس اتفاق میں بھی ان کے بقول قوم کے لیے ایک پیغام موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ" گویا یہ ایک طرح کی یاددہانی ہے کہ جس طرح یہ ملک عوام کی مرضی سے وجود میں آیا تھا۔ اس کی قسمت کے فیصلے بھی ووٹ کی پرچی سے ہوں گے۔ پاکستان کے عوام نے 25 جولائی کو پرجوش طریقے سے اس اصول پر مہر ثبوت تصدیق ثبت کر دی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر اس بات کا مظہر ہے کہ " پاکستان کے عوام اس بات سے آگاہ ہیں کہ ان کے نمائندے وہی ہو سکتے ہیں جنہیں وہ منتخب کریں۔"

صدر ممنون نے کہا کہ انتخابی عمل کو منظم اور شفاف بنانے میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور اسی لیے گزشتہ دور حکومت میں منتخب نمائندوں نے اتفاق رائے سے انتخابی اصلاحات کو عملی شکل دیتے ہوئے الیکشن کو مکمل طور پر بااختیار بنایا گیاتھا جو وقت کی ضرورت تھی۔

تاہم انہوں نے کہا" لیکن اس کے باوجود مختلف حلقوں کی طرف سے کسی طرح کی بے اطمینانی محسوس کی جائے تو پھر یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کو مطمئن کرے اور ایسے انتظامات کو یقینی بنائے جن کے نتیجے میں رائے دہندگان میں یہ اعتماد پیدا ہو سکے کہ امور مملکت میں ان کے فیصلوں پر کبھی کوئی آنچ آ سکے گی۔"

واضح رہے کہ پاکستان میں حزب اختلافات کی جماعتیں حالیہ انتخابات سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مسترد کر چکی ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف ایک بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔

دوسری طرف یوم آزادی پر اپنے پیغام میں پاکستان کے نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے کہا کہ"بانی پاکستان محمد علی جناح کے اتحاد،ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل کر کے پاکستان کو معاشی طور پر خوش حال اور مستحکم ملک بنانے میں مدد مل سکتی ہے"۔

پیر کو پاکستان کا 72 ویں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جب کہ پاکستان کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔

جشن آزادی کی مرکزی تقریب پیر کی صبح اسلام آباد میں واقع جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہوئی جس میں پاکستان کے نگران وزیر اعظم ناصر الملک،تینوں مسلح افواج کے سربراہان، پاکستان کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات سمیت متعدد غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔

XS
SM
MD
LG