رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت


صدر براک اوباما امریکہ کے پہلے صدر ہیں جنہوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی۔ اُن کے دورے کے موقع پر بھارت میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے پیر کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی۔

صدر براک اوباما امریکہ کے پہلے صدر ہیں جنہوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی۔ ہر سال 26 جنوری کو بھارت اپنا یوم جمہوریہ مناتا ہے۔

واضح رہے کہ 1947ء میں آزادی کے بعد 26 جنوری 1950 کو بھارت نے اپنا نیا آئین اپنایا تھا۔

یوم جمہوریہ کی تقریب کے دن نئی دہلی میں ہلکی بارش ہو رہی تھی۔ تقریب میں بھارت کی مسلح افواج کے دستوں نے شرکت کی۔

صدر اوباما یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کے علاوہ امریکہ اور بھارت کی کاروباری شخصیات کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

امریکہ صدر اپنی اہلیہ مشل اوباما کے ہمراہ اتوار کو تین روزہ دورے پر بھارت پہنچے تھے۔

نئی دہلی میں صدر اوباما اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سول جوہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان 2008 میں ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت امریکہ بھارت کو سول جوہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں معاونت فراہم کرے گا، لیکن اس معاہدے پر پیش رفت نا ہو سکی۔

اتوار کو دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس دورے سے تجارت، دفاع اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق تعاون میں پیش رفت ہو گی۔

صدر براک اوباما کے دورہ بھارت کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نئی دہلی میں پولیس اور فوج کے تقریباً پچاس ہزار اہلکاروں کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ پندرہ ہزار سکیورٹی کیمرے نصب کر کے پورے شہر کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

امریکہ کے صدر اوباما 2010ء میں بھی بھارت کا دورہ کر چکے ہیں اور اپنے دور اقتدار میں یہ ان کا بھارت کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔

صدر اوباما منگل کو اپنے دورے کے آخری روز دونوں ملکوں کے تعلقات سے متعلق اپنے لائحہ عمل پر مبنی تقریر کریں گے۔

ابتدائی پروگرام کے تحت امریکہ کے صدر نے منگل کو بھارت کے شہر آگرہ میں تاریخی تاج محل کی سیر کے لیے جانا تھا، لیکن اب اُن کا آگرہ کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے اوراب صدر براک اوباما منگل کو سعودی عرب جا کر سابق سعودی فرمانروا عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔​

XS
SM
MD
LG