فیس بک کے صارفین کے لیےخوشخبری یہ ہے کہ وہ بہت جلد اپنے دوستوں کے پوسٹ کو ناصرف لائیک کر سکیں گے بلکہ، صرف ایک بٹن دبا کر اس پر کھل کر اپنے جذبات کا اظہار بھی کر سکیں گے۔
فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ اب زیادہ وقت نہیں بچا ہے کہ جب فیس بک کے 1.6 ارب سے زائد صارفین کے پاس دنیا کی سب سے بڑی سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے جذبات کا فوری اظہار کرنے کے لیے زیادہ طریقے ہوں گے۔
مارک زکربرگ نے بدھ کے روز ایک کانفرنس کے دوران جذبات کے اظہار کے لیے چھ نئی علامتی تصاویر والے کرداروں کو فیس بک پر شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ فیس بک کے دنیا بھر کے صارفین بہت جلد دوستوں کے پوسٹ کے لیے اپنا ردعمل ان چھ جذبات کے ساتھ ظاہر کر سکیں گے۔
تاہم لائیک کے بٹن کے ساتھ اضافی جذبات کو فیس بک پر کب پیش کیا جائے گا اس سلسلے میں انھوں نے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی ہے۔
یہ بٹن اکتوبر میں متعارف کروائے گئے تھے۔
جس میں پسندیدگی، خوشی، پیار، صدمہ، غصہ، حیرت، ہنسی اور تعاون کے اظہار کے لیے چھوٹی چھوٹی علامتی تصویروں والے کرداروں کو ظاہر کیا گیا تھا۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ چار ماہ قبل نئے بٹن کی چھ مختلف ممالک میں جانچ کی گئی تھی اور ابتدائی تجربے کی کامیابی کے بعد بڑی حد تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ سوائے ایک ردعمل کے بٹن کو ہٹا دیا گیا ہے۔
فیس بک نے باضابطہ طور پر کل سات جذبات کو تجرباتی طور پر پیش کیا تھا لیکن، اب تعاون کے اظہار کی علامتی تصویر کو ہٹا دیا گیا ہے، جسے عالمی سطح پر صارفین کی طرف سے سمجھا نہیں گیا تھا۔
جذبات کے چھ نئے اظہار کا انتخاب ماہرین سماج کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے جبکہ فیس بک پوسٹ کے لیے معروف لائیک بٹن اب بھی موجود رہے گا۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ ہم صارفین کو ان تمام چیزوں کا اشتراک کرنے کے قابل بنانا چاہتے ہیں، جو ان کے لیے بامعنی ہیں اور یہ صرف خوشی کے پوسٹ نہیں ہو سکتے ہیں، جنھیں دیکھ کر دوست انھیں پسند کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ اضافی جذبات کے اظہار سے صارفین فیس بک پر کثرت سے اپنے خیالات کا اشتراک کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
ان علامتی تصویروں تک رسائی کے لیے صارفین کو لائیک کا بٹن دبانا ہو گا، جس کے بعد انھیں یہ تصاویر دکھائی دیں گی، جنھیں پوسٹ کے لیے اپنے ردعمل کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
اس کے بعد فیس بک اسٹیٹس پر صارفین کو مطلع کیا جائے گا ان کے پوسٹ پر کتنے لائکس ان جذبات مثلاً غصے، ہاہا اور واہ واہ کے ساتھ ملے ہیں۔
فیس بک نے لائک کا بٹن 2009ء میں متعارف کرایا تھا جبکہ ستمبر میں فیس بک نے یہ کہا تھا کہ وہ لائک بٹن کے ساتھ ڈس لائک کا بٹن متعارف کرانے جا رہا ہے۔