رسائی کے لنکس

پریٹوریا: گرل فرینڈ کا قتل، پسٹوریس کی ضمانت، دلائل


عدالت کی عمارت کے باہر خواتین کا ایک گروہ نعرے بلند کر رہا تھا۔ وہ اپنے ساتھی کے ہاتھوں خواتین کے قتل، گھریلو تشدد اور زنا بالجبر کے خلاف احتجاج کر رہا تھا

ایسے میں جب منگل کو جنوبی افریقہ کےاولمپک چمپیئن آسکر پسٹوریس کے وکلا اُن کی ضمانت کی تگ و دو میں ہیں، ملک کی حکمراں سیاسی جماعت، افریکن نیشنل کانگریس (اے این سی) کی خواتین شاخ سےتعلق رکھنے والا ایک گروہ عدالت کے باہر احتجاج کی آواز بلند کر رہا تھا۔

احتجاج کرنے والوں کا مطالبہ تھا کہ جنوبی افریقہ میں خواتین کےخلاف پُرتشدد کارروائیوں کو بند کیا جائے۔

پریٹوریا سے پیٹر کاکس نے عدالتی کارروائی اور احتجاج سے متعلق ایک رپورٹ بھیجی ہے، جہاں کی ایک عدالت میں پسٹوریس کے خلاف پچھلے ہفتے اپنی گرل فرینڈ کے قتل کا الزام دائر کیا گیا ہے۔

کمرہٴعدالت جہاں آسکر پسٹوریس کی ضمانت کی درخوست زیر ِسماعت تھی، بین الاقوامی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد امنڈ آئی تھی۔

عدالت کی عمارت کے باہر خواتین کا ایک گروہ نعرے بلند کر رہا تھا اور گنگنا رہا تھا۔ وہ اپنے ساتھیوں کے ہاتھوں خواتین کے قتل، گھریلو تشدد اور زنا بالجبر کے خلاف احتجاج کر رہا تھا۔

موزی متھے کا تعلق ’اے این سی‘ کی خواتین شاخ سے ہے اور وہ گھریلو تشدد کی شکار خواتین کی بہبود کے لیے ایک سرگرم غیر سرکاری تنظیم، ’یوتھ فور سروائیول‘ کی سربراہ ہیں۔ اُن کےبقول، ہمارا کہنا یہ ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ اِس طرح کے واقعات پھر کبھی سرزد ہوں۔

اُن کے بقول، آج کا دِن مایوس کُن ہے ۔ یہ صدمے والا اور اذیت ناک دِن ہے کہ ایک پارٹنر جو ایک دوست اور محافظ ہونا چاہیئے تھا، اُس پر اِس نوعیت کا الزام لگے۔ آپ کا اپنا گھر جہاں آپ کو عافیت نصیب ہونی چاہیئے، وہاں ایسا واقعہ ہو؟ وہاں جو کچھ بھی ہوا، ہم یہ بتا رہی ہیں کہ ہم ریوا کی طرف سے یہاں موجود ہیں۔ اُن کی حمایت میں کھڑی ہیں۔ وہ زندہ نہ بھی ہوں۔ ہم آپ کی بہنیں آپ کی خاطر آپ کو انصاف دلانے کے لیے کھڑی ہیں۔

پسٹوریس کی دو مصنوعی ٹانگیں ہیں۔ اُنھوں نے اگست میں لندن میں ہونے والے اولمپک دوڑ کےمقابلوںٕ میں تاریخ رقم کی۔ اُن پر الزام ہے کہ اُنھوں نے ایک ماڈل اور اپنی گرل فرینڈ، ریوا اسٹین کیمپ کو قتل کیا۔

شوٹنگ کا یہ واقعہ پچھلی جمعرات کو صبح سویرے ہوا۔ پریٹوریا میں ہمسایوں نے پسٹوریس کے گھر سے فائرنگ کی آوازیں سننے پرپولیس کو بلایا۔ ویوا کے سر اور دھڑ پر گولیوں کے زخم تھے۔

پسٹوریس کے خاندان کا کہنا ہے کہ مقدمہ چلنے پر قتل کا الزام غلط ثابت ہوگا۔

دفاع اور استغاثہ سے تعلق رکھنے والے وکلا ٴضمانت کی زیر ِسماعت درخواست کے حق اور مخالفت میں دلائل دیتے رہے۔

استغاثے کا استفسار ہے کہ مقدمہ جاری رہنے تک پسٹوریس کو قید رکھا جائے۔

جنوبی افریقہ میں قتل کی وارداتوں کی شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ اور ’میڈیکل ریسرچ کونسل‘ کے صحت اور جنس سے متعلق مرکز نے کہا ہے کہ وہ اِسی ہفتے ایک رپورٹ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے یہ پتا چلتا ہے کہ جنوبی افریقہ میں قتل کی وارداتیں عالمی شرح کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہیں۔
XS
SM
MD
LG