پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی منگنی اگرچہ اکتوبر میں ہی ہوگئی تھی مگر اس کا باقاعدہ اعلان گزشتہ منگل کو کیا گیا تھا۔ یہ منگنی کینیا میں ہوئی تھی مگر اسے اب تک راز میں رکھا گیا تھا۔ اس معاملے سے پردہ اٹھائے جانے کی مجبوری یوں پیش آئی کہ پچھلے دنوں کیٹ کے والدین شاہی محل کے کوئنز اسکاٹش اسٹیٹ میں ٹھہرے تھے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں عموماًخاص لوگوں کو ہی ٹھہرایا جاتا ہے۔والدین کی آمد اور اس اہم مقام پر قیام نے اخبارات کو چوکنا کردیا اور اس کے بعد تو گویا افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔ افواہوں میں آٹھ سال تک پرنس ولیم سے شادی کے انتظار میں بیٹھی کیٹ کے بارے میں بھی طرح طرح کی باتیں بنائی گئیں ۔کیٹ کا تو نام ہی 'ویٹی کیٹی' رکھا دیا گیا تھا۔ یوں مجبوراًشاہی محل کو اس راز پر سے پردہ اٹھانا ہی پڑا۔
پرنس ولیم اور کیٹ کی شادی اگلے سال یعنی دوہزار گیارہ میں ہوگی۔ 1981ء میں پرنسیس ڈیانا اور پرنس چالس کی شادی کے بعد یہ برطانیہ کی بڑے پیمانے پر ہونے والی دوسری شادی ہوگی۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ شادی ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے یہ قیاس آرائی اس بنیاد پر کی ہے کہ منگنی کے اگلے ہی دن کیٹ کو ایبی سے نکلتے دیکھاگیا۔ ویسے بھی ایبی شاہی خاندان کے لئے ایک اہم مقام کی حیثیت رکھتا ہے ۔ 1947میں کوئن ایلزبتھ دوم کی شادی یہیں ہوئی تھی جبکہ 1997ء میں ڈیانا کی تدفین بھی اسی مقام پرانجام پائی۔
پرنس ولیم اور کیٹ کی ملاقات یونیورسٹی اور سینٹ اینڈریوز میں ہوئی تھی۔ دوہزار سات میں سنا گیا تھا کہ ان کا بریک اپ ہوگیا ہے لیکن دراصل دونوں کی دوستی برقرار تھی۔ کچھ عرصے سے یہ دونوں ساوٴتھ آف ویلز میں اکھٹا وقت گزار رہے تھے۔ ساوٴتھ آف ویلز میں ولیم سرچ اینڈ ریسکیو پائلٹ کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔شادی کے بعد بھی دونوں نے یہیں رہنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔
کیٹ شادی کے دن ہائی نیک ڈریس پہنیں گی۔ یہ گاوٴن ہاتھ کی کڑھائی اورلیس والا ہوگاجبکہ ولیم ملٹری یونیفارم ہی پہنیں گے جو وہاں کی ایک حسین روایت خیال کی جاتی ہے۔ شاہی خاندان کی روایت کے مطابق 1923سے ہر شاہی دلہن ویلش گولڈ کی انگوٹھی پہنتی آرہی ہے۔
کیٹ نے منگنی کی رسم کے وقت جو انگوٹھی پہنی تھی وہ نیلم کی انگوٹھی تھی جس میں چودہ ہیرے جڑے ہیں۔ پرنسیس ڈیانا نے بھی یہی انگوٹھی پہنی تھی ۔ اس انگوٹھی کی قیمت اٹھائس ہزار پانچ سو پاوٴنڈہے ۔روپے میں یہ رقم لاکھوں میں بنتی ہے۔
پرنس ولیم اور کیٹ کی شادی برطانوی خاندان کے لئے ہی مبارک ثابت نہیں ہوگی بلکہ یہ شادی ملک کی معیشت کے لئے بھی خوشیوں کا باعث ہوگی۔ برطانیہ میں ابھی سے ان دونوں کی تصویروں والی بے شمار اشیاء مارکیٹ میں آگئی ہیں جنہیں ہاتھوں ہاتھ خریدا جارہا ہے اور اگلے سال جب شادی ہوگی تو کیاحال ہوگا اس کا اندازہ لگانا کوئی مشکل بات نہیں۔
پانچ پاوٴنڈ کی قیمت میں ایک مگ کی سیل ریکارڈ قائم کرنے کے در پہ ہے، اسےLoving mag کا نام دیا گیا ہے۔ اس مگ کی فروخت سے جو منافع ہوگا اس کا اندازہ ایک ہزار ملین پاوٴنڈز لگایا گیا ہے۔
اب کچھ باتیں ہونے والی شاہی دلہن کے بارے میں!کیٹ متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بہت سادہ مگر نہایت خوب صورت ڈریسنگ کرتی ہیں۔ مزاج کے حوالے سے بھی انہیں سادہ کہا جارہا ہے۔گویا 'سادہ مزاجی اور سادہ لباسی' کیٹ کی اہم ترین خصوصیت ہے۔