برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین مڈلٹن ایک ہفتہ دورے کے سلسلے میں اتوار کو بھارت پہنچے ہیں۔ اپنے چھ روزہ دورے کے دوران وہ بھوٹان بھی جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے جب شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن بھارت کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ شہزادہ ولیم کے والدین شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی ڈیانا نے 1992ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔
اس دورے پر وہ اپنے دونوں بچوں شہزادہ جارج اور گیارہ ماہ کی شہزادی شارلٹ کو اپنے ساتھ لے کر نہیں گئے ہیں۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اتوار کی صبح فلمی ستاروں کے شہر ممبئی پہنچے، اس موقع پر ممبئی کے تاج محل ہوٹل جہاں ان کا قیام ہے، اس کے صدر دروازے پر شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا گیا اس موقع پر شہزادی کیٹ نے سرخ رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
بعد میں شاہی جوڑے نے 2008ء میں تاج محل ہوٹل پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے 31 متاثرین کی یادگار پر پھول چڑھائے گئے۔
اتوار کی دوپہر اپنے دورے کے پہلے روز شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے ممبئی کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں معروف بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ہمراہ کچی آبادیوں کے بچوں کے ساتھ فٹ بال اور کرکٹ کا دوستانہ میچ کھیلا اس موقع پر شہزادی کیٹ نے اپنی کرکٹ کی مہارت سے وہاں موجود لوگوں کو حیران کر دیا جبکہ شاہی جوڑا بچوں کے ساتھ اچھی طرح سے گھل مل گیا۔
کچھ دیر بعد شاہی جوڑے نے ایک خیراتی تنظیم کے بچوں کے ہمراہ کھلی بس میں ممبئی کی سیر کی۔شہزادی کیٹ اس موقع پر انتہائی سادہ نظر آئیں انھوں نے گلابی اور سرخ رنگ کی پرنٹیڈ فراک پہنی ہوئی تھی۔
انھیں ایک خیراتی ادارے اسمائل فاونڈیشن کی طرف سے بعد میں بان گنگا واٹر ٹینک کا دورہ کرایا گیا، جہاں مقامی لوگوں کی طرف سے ان کا استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر خواتین نے ان کے گلے میں پھولوں کا ہار ڈالا اور ماتھے پر تلک لگایا جبکہ مقامی روایات کے مطابق شاہی جوڑے نے پھولوں کی پنکھڑیوں کو پانی میں بہانے کی رسم ادا کی۔
شاہی جوڑے نےخاص طور پر بان گنگا کے پسماندہ علاقے میں رہنے والی خواتین کے ہنر اور ان کی دستکاری کی مصنوعات کی بے حد تعریف کی۔
انھوں نے اتوار 10 اپریل کی شام بالی وڈ فلم انڈسٹری کی نامور ہستیوں کے ساتھ ایک چیریٹی ڈنر میں شرکت کی جہاں معروف فلمی ستارے ایشوریہ رائے بچن اور شاہ رخ خان اور دیگر اداکاروں نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کا استقبال کیا۔
اس تقریب میں بالی وڈ کے نامور اداکار شاہ رخ خان سمیت عامر خان، ایشوریہ رائے بچن، شلپا سیٹھی، مادھوری اور انیل کپور سمیت بالی وڈ کے دیگر بڑے ناموں نے شرکت کی جو کہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے بچوں کے لیے کام کرنے والی تین خیراتی تنظیموں کی امداد کی غرض سے منعقد کی گئی تھی۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ منگل 12 اپریل کو دارالحکومت دلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھائیں گے۔
منگل کو شہزاہ ولیم اور کیٹ بھارت کا مشہور چڑیا گھر کاذیرانگا نیشنل پارک دیکھنے کے لیے آسام جائیں گے۔
اس سے پہلے شاہی جوڑا ممبئ کے نوجوان کامیاب کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقات کرے گا اور بعد میں وہ دلی میں مہاتما گاندھی کی یادگار دیکھنے جائیں گے اور ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر دیے جانے والی ایک خصوصی گارڈن پارٹی میں بھی شرکت کریں گے۔
ہفتے کو آگرہ میں تاج محل کا دورہ کرنے سے پہلے وہ بھوٹان جائیں گے جہاں وہ بھوٹان کے بادشاہ اور ملکہ سے ملاقات کریں گے۔