رسائی کے لنکس

2011ء کی چند یاد گار شادیاں


2011ء کی چند یاد گار شادیاں
2011ء کی چند یاد گار شادیاں

سال 2011 جہاں اور بہت سے واقعات کی بنا پرتاریخ میں یاد کیا جاتا رہے گا ،وہیں اس سال کی پہچان وہ شادیاں بھی رہیں گی جو رفتہ رفتہ تاریخ کا حصہ بنتی جارہی ہیں ۔ فلمی دنیا کی بات کریں تو اس سال بالی ووڈ ایکٹر عمران خان نے اونتیکا سے شادی کی جس کی خوشی میں عمران خان کے ماموں یعنی مسٹر پرفیکٹ کہے جانے والے عامر خان نے سات فروری کو ایک شاندارپارٹی دی جس میں فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی تقریباً ہر بڑی شخصیت نے شرکت کی جس کے سبب یہ شادی یادگار کہلائی۔

شادی میں شریک ہونے والے فنکاروں میں سب سے پہلے وہ دو فنکار وں کے نام جن کے لئے یہ شادی شاید آخری فلمی شادی ثابت ہوئی یعنی دیو آنند اور شمی کپور۔ جبکہ دیگر فنکاروں کے نام یہ ہیں ۔ ونود کھنہ، رشی کپور، رندھیر کپور، راکیش روشن، جتندر، شتروگن سہنا، پریم چوپڑا ، شمی کپور، سلمان خان، شاہ رخ خان، کرن جوہر، کیرینہ کپور، پریٹی زنٹا، کترینہ کیف، رنبیر کپور، دیپکا پڈ کون ، انوشکا شرما، رہتک روشن، پریانکا چوپڑا، مادھوری ڈکشٹ، رانی مکھر جی، جوہی چاوٴلہ، ودیا پالن، انو ملک، بپی لہری شامل تھے ۔ فنکاروں کے علاوہ تقریب میں سچن ٹنڈولکر، مکیش امبانی اور راج ٹھاکرے بھی مدعو کئے گئے تھے۔

بھارتی تاریخ کی مہنگی ترین شادی
2011ء میں بھارت میں ہی ایک ایسی شادی بھی ہوئی جسے کی تفصیلات کسی دلچسپی سے خالی نہیں۔ 2 مارچ کو ہونے والی یہ شادی بھارتی تاریخ کی اب تک مہنگی ترین شادی ثابت ہوئی جس میں 15 ہزار باراتی شریک ہوئے جبکہ اس پر کروڑوں روپے کے اخراجات آئے۔ یہ شادی بھارت کی حکمراں جماعت کانگریس کے راہنما کنورسنگھ تنوور کے بیٹے للیت سنگھ اور دلہن یوگیتا کی تھی ۔ دلہن کی رخصتی ہیلی کاپٹر میں ہوئی جو اسے جہیز میں دیا گیا تھا۔ شادی میں شرکت کرنے والے ہر فرد کو تحفے کے طور پر30گرام سونے اور چاندی کا ایک بسکٹ دیاگیا ۔ اس کے علاوہ ہر فرد کو ایک سفاری سوٹ، ایک شال اور 2100روپے بطور تحفہ دیئے گئے ۔

شادی تو شادی ولیمہ بھی قابل ذکر رہا ۔ ولیمے میں شرکت کے لئے لڑکے والوں کی طرف سے 11 ہزار افراد کو دعوت نامے بھیجے گئے جبکہ دلہن کی طرف سے 7ہزار افراد کو دعوت دی گئی ہے۔ ولیمے میں شرکت کیلئے تمام افراد کو ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھی بھجوائے گئے ۔ لڑکی کو سلامی میں ڈھائی کروڑ روپے دیئے گئے۔

ولیمہ 6 مارچ کو نئی دہلی میں ہوا۔ جہیز کی مد میں 21کروڑ روپے نقد اور 25کروڑ روپے کا ایک گھر دیا گیا ۔ اس گھر میں 11کروڑ روپے کا سامان پہلے سے موجود تھا۔ بھارت کی روایات کے تحت شادی میں بینڈ باجے والوں کو بھی مدعو کیا گیاتھا جن پر تقریباً ایک کروڑ روپے نچھاور کئے گئے۔

برطانوی شہزادے پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی
رواں سال 29اپریل کو برطانوی شاہی خاندان میں بھی ایک ایسی ہی یادگار شادی ہوئی جسے دنیا کے کونے کونے میں براہ راست دیکھا گیا۔ یہ شادی تھی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے پوتے پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی ۔ شادی میں 600 غیر ملکیوں سمیت 1900 مہمانوں نے شرکت کی۔ 2 ارب سے زائد لوگوں نے دنیا بھر میں شادی کی براہ راست تقریب ٹی وی پر دیکھی۔

شادی کی تقریب کے موقع پر لندن میں موجود ایک پاکستانی شہری آصفہ ادریس نے وائس امریکہ کے نمائندے سے اس شادی کا آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سفید رنگ کے عروسی لباس میں ملبوس کیٹ سادگی و پرکاری کا شاہکار تھیں توشہزادہ ولیم بھی فوجی وردی میں بہت جچ رہے تھے ۔ دنیا بھر کی مشہور لیکن منتخب ہستیوں کی شرکت نے جہاں تقریب کو ایک انوکھا رنگ دیا وہیں دلہن کے سادہ مگر انتہائی اسٹائلش لباس نے فیشن کی دنیا میں ایک نیا ٹرینڈ متعارف کرایا۔

پرنسیس زارا کی شادی
شہزادہ ولیم اور میڈلٹن کی شادی کا جشن جس قدر دنیا کے لئے ایک حسین و جمیل لمحہ ثابت ہوئی ، اسی خاندان سے تعلق رکھنے والے پرنسیس زارا کی شادی اس قدر سادگی سے ہوئی کہ سادی کے سبب ہی اس سال کی ایک اور یاد گار شادی کا درجہ مل گیا۔یہ شادی ہوئی 30 جولائی کو اور وہ بھی نہایت خاموشی، رازداری اور سادگی کے ساتھ۔ حتی کہ اس شادی کا اعلان بھی صرف ایک دن پہلے یعنی 29 جولائی کو کیا گیا۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ کی پوتی زارا فلپس رگبی کے کھلاڑی مائیک ٹنڈل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھیں۔ شادی اسکاٹ لینڈ کے علاقے ایڈن برگ کے ایک چرچ میں انجام پائی جبکہ شادی سے ایک روز پہلے استقبالیہ ایک بحری جہاز پر دیاگیا جس میں شاہی خاندان کے صرف اہم ترین افراد نے شرکت کی۔

بھوٹان کے شاہ جگمے کھیسر کی کالج دوست سے شادی
13 اکتوبر کو بھوٹان کے 31سالہ بادشاہ جگمے کھیسرنے اپنی کالج کی دوست اور ایک عام لڑکی جیٹسن پما سے شادی کی ۔ اس شادی کا جشن مسلسل3 روزتک منایا گیا۔ دلہا اور دلہن ایک دوسرے کو 14 سال سے جانتے تھے اور ان کا آپس میں میل ملاپ تھا۔ شادی کی تقریب دارالحکومت پناکھا میں ہوئی۔

جگمے کھیسر بھوٹان کے پانچویں بادشاہ ہیں ۔ وہ امریکہ اور برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں ہمالیہ کا ”دلکش بادشاہ “بھی کہا جاتا ہے۔وہ 2008ء میں تخت نشین ہوئے تھے۔جیٹسن پیما شاہ بھوٹان سے 10 سال چھوٹی ہیں۔

XS
SM
MD
LG